مزدوروں کے گھمبیر مسائل

مزدوروں کے گھمبیر مسائل
مزدوروں کے گھمبیر مسائل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مزدوروں کے عالمی دن یکم مئی کے موقع پر ہر سال سرکاری اور پرائیویٹ سطح پر مُلک بھر میں تعطیل ہوتی ہے اور تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے،ان تقریبات ،سیمینارز اور جلسے جلوسوں میں مزدوروں کے حقوق کے لئے آواز بلند کی جاتی ہے اور اس عزم کا اظہار کیا جاتا ہے کہ مزوروں کو درپیش مشکلات کو کم کرنے اور ان کے حقوق کی ادائیگی کی راہ میں جو بھی رکاوٹیں ہیں انہیں دور کیا جائے گا ،اسی طرح کے نعروں ،وعدوں اور دعوؤں میں آٹھ گھنٹے کا ون گزر جاتا ہے اور جونہی سورج غروب ہوتا ہے ،رات کی سیاہی چھاتی ہے تو مزدور کا مقدرپھرانہی تاریکیوں میں گم ہوجاتا ہے ۔ محض یکم مئی کو یوم مزدوراں منا لینے سے مزدوروں کے مسائل حل نہیں ہوتے، مزدوروں کو ان کے بنیادی حقوق کا تحفظ اور تعلیم صحت چھت اور روز گار کی ضمانت اور تحفظ کی ضرورت ہے ۔ لیبر قوانین بھی صرف رجسٹرڈ مزدوروں کی تعداد کو سامنے رکھ کر بنائے جاتے ہیں،حالانکہ کھیتوں میں دن بھر محنت کرنے والے،اینٹوں کے بھٹوں پرخون پسینہ ایک کرنے والے ،ہوٹلوں اور ورکشاپوں میں کام کرنے والے کروڑوں مزدور ایسے ہیں، جن کو کبھی کسی ادارے نے رجسٹرڈ نہیں کیا ۔ یہاں مزدورمحنت کش اور کسان کی محنت کا پھل سرمایہ دار اور جاگیردار کھاتے ہیں ،المیہ یہ ہے کہ مزدوروں اور کسانوں کے حقوق غصب کرنے والا ٹولہ ہی ان کی وکالت کی ڈرامہ بازی کرکے انہیں بار بار دھوکہ دیتا ہے ۔ہمارا اصل ہدف یہ ہے کہ محنت کشوں کی محنت کا پھل، جس پر ان کے بچوں اور گھر والوں کا حق ہے کسی جاگیر دار اور وڈیر ے کو نہ کھانے دیا جائے۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر مزدوروں کو کارخانوں اور کسانوں کو زمینوں کی پیداوار میں حصہ دار بنائے گی۔


اس وقت مُلک میں بجلی اور گیس کا سنگین بحران ہے، جس کی وجہ سے کارخانے اور صنعتی یونٹ شدید دباؤ کا شکار ہیں ،کارخانوں اور فیکٹریوں کو تالے لگ رہے ہیں ،ہزاروں مزدور بے روزگار ہورہے ہیں جس کے اثرات ان سے وابستہ خاندانوں اور زیر کفالت لاکھوں افراد پر پڑ رہے ہیں ،توانائی کے اس بحران سے نکلنے کے لئے حکومت سنجیدہ اقدامات نہیں کر رہی،حکومت کی ساری توجہ میٹرو،اورنج لائن ٹرین، سڑکیں اور پل بنانے پر مرکوز ہے حالانکہ ان کے بغیر بھی کام چل رہا تھا ،یہ منصوبے عیاشی کے زمرے میں آتے ہیں ،عوام کی بنیادی ضروریات تعلیم ،صحت ،روز گار،چھت اور امن عامہ کا قیام اور عوام کو جان و مال کا تحفظ فراہم کرنا ہے۔افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ان تمام شعبوں میں حکومت بری طرح ناکام نظر آتی ہے اور ہر شعبہ زبوں حالی کی تصویر بن چکا ہے۔ بے روز گاری مسلسل بڑھ رہی ہے ۔تعلیم سرکاری شعبے سے نکل کر پرائیویٹ سیکٹر میں چلی گئی ہے اور یہ اتنی مہنگی ہے کہ ایک متوسط طبقہ کے لئے اس کا حصول ناممکن ہوتا جارہا ہے ۔پرائیویٹ سکولوں کی بھاری فیسوں اور مہنگی کتابوں اور کاپیوں کی وجہ سے ہر فرد پریشان ہے۔ایک مزدور اور دیہاڑی دارشخص تو ان سکولوں میں بچوں کو پڑھانے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔صحت کے شعبہ کی حالت اس سے بھی زیادہ پریشان کن ہے اور سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتیں ہیں اور نہ آبادی کے حساب سے سرکاری ہسپتال موجود ہیں۔ ہسپتالوں میں مریضوں کے لئے بستر ہیں نہ ادویات دستیاب ہیں۔ بڑے سرکاری ہسپتالوں میں ایک ایک بستر پر دو دو تین تین مریض پڑے ہوتے ہیں ۔


اب میں گوادر کے ہزاروں ماہی گیروں کو درپیش مشکلات کی طرف آتا ہوں۔پاک چائنا اقتصادی راہداری بلا شبہ گیم چینجر اور خطے کی معاشی ترقی کے لئے ایک انقلابی منصوبہ ہے، جس سے علاقے کی تقدیر بدل جائے گی،لیکن کیا تقدیر ہمیشہ سرداروں ،جاگیر داروں اور سرمایہ داروں کی ہی بدلتی رہے گی یا اس کا کوئی فائدہ غریب کو بھی پہنچے گا۔ضرورت تو اس بات کی ہے کہ کھانا سب سے پہلے ان لوگوں کو ملے جو بھوک سے نڈھال ہیں، لیکن یہاں سب سے پہلے کھانے پر وہ ٹوٹ پڑتے ہیں جن کی پہلے ہی توندیں نکلی ہوئی ہیں۔

گوادر جو سینکڑوں سال سے ماہی گیروں اور چھوٹے مچھیروں کے لئے مچھلی کی ایک قدرتی شکار گاہ ہے،مچھلی نہ صرف دُنیا بھر میں انسانی خوراک کے طور پر استعمال ہوتی ہے،بلکہ یہ انسانوں کے لئے روزگار کا اہم ذریعہ بھی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق دُنیا بھر میں تقریباً 12کروڑسے زائد افراد کلی یا جزوی طور پر مچھلی کے کاروبار سے منسلک ہیں، مقامی آبادی کو روزگار فراہم کرنے میں اس شعبے کا اہم کردار ہے پاکستان کا ساحل 1050کلو میٹر پر مشتمل ہے،جس میں 750 کلومیٹر بلوچستان اور 330 کلو میٹر تک سندھ ہے۔ماہی گیری پاکستان کی معیشت میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے مچھلی پاکستان کی برآمدات سے حاصل ہونے والی آمدنی کا اہم ذریعہ ہے مچھلی اور مچھلی سے بنی مصنوعات کی برآمدات تقریباً84493 میٹر ک ٹن تک پہنچ چکی ہیں،جس کی قیمت تقریبا7.9 ارب روپے بنتی ہے مچھلی سے بنی ہوئی اشیاء تقریباً 30 سے 35پورپین ممالک کو برآمد کی جاتی ہیں،جبکہ کچھ ممالک جاپان ، امریکہ، چین،ملائشیا، سنگاپور مچھلی سے تیار شدہ اشیاء درآمد کرتے ہیں۔ سی پیک اور بندر گاہ بننے سے ان غریب مچھیروں کو روزگار کے لالے پڑ گئے ہیں ،ان کا معمولی روز گار بھی ان سے چھینا جا رہا ہے۔


حکومتی اعداد و شمار کے مطابق ماہی گیر ی کے شعبے سے 395000 افراد منسلک ہیں ۔ اتنا اہم شعبہ حکومتی عدم توجہی کی وجہ سے زبوں حالی کا شکارہے۔ بظاہر وفاقی اور صوبائی سطح پر محکمہ فشریز کا ادارہ قائم ہے، لیکن یہ محکمہ ماہی گیروں اور ماہی گیری کے تحفظ کی بجائے ماہی گیروں کے لئے مستقل درد سر بن چکا ہے اور ماہی گیر محکمہ فشریز کے اقدامات سے عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ سمندری طوفانوں میں سمندر کے اند رجاں بحق ہونے والے ماہی گیروں کے بچوں کو مالی امداد فراہم کی جائے اور ان کے بچوں کی سرپرستی کی جائے۔ماہی گیروں کے روزگار کو مزید بہتر بنانے ، ماہی گیری کے آلات خریدنے کے لئے بلا سود قرضے فراہم کئے جائیں۔ وہ ماہی گیر جو غلطی سے کسی مُلک میں سرحد پار چلے جاتے ہیں ان کے خاندان کی مالی امداد کی جائے اور ان کی رہائی کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ بینڈ سیزن (جون،جولائی) میں ماہی گیروں کے لئے راشن وغیرہ کی مد میں سبسڈی کا اعلان کیا جائے۔ ماہی گیروں کی فلاح و بہبود کے لئے فشریز ویلفیئر بورڈ قائم کیا جائے۔ان ماہی گیروں کو گزارہ الاوئنس فراہم کریں جو ضعیف العمری یاکسی بیماری کی وجہ سے کام نہیں کر سکتے۔کشتی سازی کو صنعت کا درجہ دیا جائے۔کشتی سازوں کو جدید سہولتیں فراہم کی جائیں اور ان کی سرپرستی کی جائے۔ماہی گیروں کے بچوں کو مختلف محکموں کی آسامیوں کے لئے روزگار دینے کے لئے ایک کوٹہ مقرر کیا جائے ۔ مچھلی کے انڈوں کے موسم میں ماہی گیری پر مخصوص علاقوں کی بنیاد پر پابندی لگائی جائے۔ ماہی گیر ی شعبے کو ادارہ جاتی قرضے میسر نہیں اس سلسلے میں ماہی گیروں کے لئے علیحدہ فشریز ڈویلپمنٹ بنک قائم کئے جائیں، جن کے ذریعے سے ماہی گیروں کو بلا سو د قرضے فراہم کئے جائیں ۔

مزید :

کالم -