انفارمیشن سسٹم سکولوں کا ڈیٹا اپ لوڈ کرنے میں ناکام ،محکمہ نے نوٹس لے لیا
لاہور(حافظ عمران انور) محکمہ تعلیم کی جانب سے پنجاب بھر کو فراہم کیا گیا سکول انفارمیشن سسٹم ناکام ہو گیا۔بیشتر اضلاع میں ہیڈ ٹیچرز کی جانب سے ایس آئی ایس کے تحت آن لائن سکول میگزین میں ڈیٹا اپ لوڈ نہ ہو سکا۔ہیڈ ٹیچرز تا حال بچوں کی حاضری اور دیگر ڈیٹا اپ لوڈ نہ کر سکے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سکول ایجوکیشن کی جانب سے گزشتہ برس پنجاب کے تمام سکولوں کو سکول انفارمیشن سسٹم ایپ متعارف کروائی گئی تھی اور تمام اضلاع کے سی ای اوز ایجوکیشن کو ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ وہ اپنے اضلاع کے سکولوں کے سربراہان کو اپنے سکولوں کا مکمل ڈیٹا جن میں بچوں اور اساتذہ کی حاضری سمیت اساتذہ اور بچوں کی کارکردگی کی مکمل رپورٹ ہو سکول انفارمیشن سسٹم میں اپ لوڈ کریں گے ۔اس حوالے سے تمام سی ای اوز کو مراسلہ بھی جاری کیا گیا تھا لیکن سرکاری سکولوں کے اساتذہ کی روایتی کاہلی کی بدولت بیشتر اضلاع کے سکولوں کے ہیڈ ٹیچرز نے اپنے سکولوں کا ڈیٹا اپ لوڈ نہیں کیا جس کی وجہ سے سکولوں کے آن لائن میگزین میں ڈیٹا اپ گریڈ نہیں کیا جا سکا۔اس صورتحال کے پیش نظر وزیر اعلی مانیٹرنگ فورس پنجاب کی جانب سے پنجاب کے تمام سی ای اوز ایجوکیشن کو ایک مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں انہیں سختی سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنے اضلاع کے سکول سربراہان کو اس بات کا پابند بنائیں کہ وہ اپنے سکولوں کا مکمل ڈیٹا سکول انفارمیشن سسٹم کے تحت سکول میگزین میں اپ لوڈ کریں، ڈیٹا اپ لوڈ میں تاخیر کرنے والے ہیڈ ٹیچرز کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس حوالے سے مراسلے میں پنجاب کے تمام سی ای اوز کو یہ بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ تمام سی ای اوز ہیڈ ٹیچرز کو ڈیٹا اپ لوڈ کرنے کے حوالے سے آگاہ کرنے کیلئے اقدامات کریں۔اور حوالے سے مکمل رپور ٹ آئندہ دسویں سی ای اوز ایجوکیشن کانفرنس میں پیش کریں۔