پنجاب بھر کے تحصلیدار ترقیاں نہ ملنے پر سراپا ء احتجاج ، ہڑتال اور مظاہروں کا اعلان کر دیا

پنجاب بھر کے تحصلیدار ترقیاں نہ ملنے پر سراپا ء احتجاج ، ہڑتال اور مظاہروں کا ...

لاہور(اپنے نمائندے سے )پنجاب بھر کے 200سے زائدتحصیلدار اور 400سے اوپرنائب تحصیلدارسالہا سال سے ترقیوں سے محروم، فوڈ ، ایجوکیشن، ایگری کلچر سمیت متعددمحکموں میں کلرکوں کو ترقی دے کر پروموٹ کردیا گیا مگر نائب تحصیلدار اور تحصیلدار کی ترقی اور سنیارٹی لسٹ پر تاحال کوئی نظر ثانی نہ کی جاسکی ،متعدد اہلکار ترقی کے انتظار میں دنیا سے رخصت ہوگئے جبکہ بیشتر بستر مرگ سے جالگے ہیں اورسینکڑوں ریٹائر ڈ ہوکرمحکمانہ پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ مزید معلوم ہوا ہے کہ ریونیو افسران کی کثیر تعداد نے بھی ترقی میں رکاوٹ بننے والے افسران کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کرلیا ۔ذرائع نے بتایا کہ جس کلرک کو ریونیو آفیسر کے ماتحت کیا گیا ہے وہ کلرک بھی گریڈ14میں ہے اور نائب تحصیلدار کا گریڈ بھی14آتا ہے اس طرح گریڈ16کے تحصیلدار بھی احساس کمتری میں مبتلا ہوچکے ہیں ۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ انتظامی کاموں کا بوجھ اٹھانے اور جوڈیشلی کاموں میں بھی سرفہرست نظر آنے والے اور محکمہ ریونیو کا کام کرنے میں مصروف پائے جانے والے نائب تحصیلدار اور تحصیلدار اعلیٰ افسران کے حکم پر کبھی مجسٹریٹ بن کر جرمانے کرتے نظر آتے ہیں تو کبھی معاوضہ دینے والوں کی نشاندہی کرنے کے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں مگر بورڈ آف ریونیو کی جانب سے مسلسل نظرانداز کیے جانے پر مکمل ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکے ہیں نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر سینکڑوں ریونیو افسران کا موقف ہے کہ تمام ترذمہ داریاں نبھانے کے باوجود ہمیں جان بوجھ کر ترقی نہیں دی جارہی۔ یہاں تک کے پٹواری، قانگو اور کلریکل سٹاف کو ترقی دیدی گئی مگر ہمارا کوئی پرسان حال نہیں ہے وزیرمال عطامانیکا نے بھی اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب کو تحریری طور پر ہمارے مسائل سے آگاہ کیا ہے جس پر امید ہے کہ ہماری پروموشن کا دیرینہ مسئلہ بھی حل ہوجائے گا اگر حکومت وقت نے ہمارے جائز مطالبات تسلیم نہ کیے تو پھر ہم بھی قلم چھوڑ ہڑتال کرتے ہوئے سڑکوں پر آکر احتجاج کریں گے۔انہوں نے کہاکہ اگر ضرورت پیش آئی تو چیف جسٹس آف پاکستان کے سامنے پیش ہوکر اپنی بے بسی کا اظہار کریں گے خدارا ہماری ترقی کی جائے۔ جبکہ اس ضمن میں بورڈ آف ریونیو پنجاب کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تحصیلداران اور نائب تحصیلداروں کے مطالبات جائز ہیں اس حوالے سے سمری وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوادی ہے امید ہے کہ جلد ان کی ترقی کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...