’’ سائنسی کتب کی تصنیف ،مسائل ،چیلنجزاورامکانات‘‘کے موضوع پرسیمینار
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)اردو سائنس بورڈ کے زیراہتمام ’’ سائنسی کتب کی تصنیف؛مسائل ،چیلنجزاورامکانات‘‘کے موضوع پر ایک روزہ سیمینارمنعقدہوا۔ سیمینارکی صدارت چیئرمین شعبہ حیوانیات پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر جاوید اقبال قاضی نے کی۔ مختلف کالجوں اوریونیورسٹیوں کے طلبا، اساتذہ ،مصنفین اورمترجمین نے سیمینارمیں شرکت کی۔ سیمینارمیں ڈاکٹررؤف نظامی، ڈاکٹر غافرشہزاد، بیناگوئندی اورڈاکٹرعنبرین صلاح الدین نے اظہارخیال کیا۔ڈائریکٹرجنرل اردوسائنس بورڈ ڈاکٹر ناصرعباس نیّرنے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ اردوزبان کے بارے میں جو عام تاثر قائم کیاگیاہے کہ اس کے ذریعے سائنسی تعلیم نہیں دی جاسکتی،یہ غلط ہے۔ اردوزبان میں سائنس کی زبان بننے کی مکمل صلاحیت ہے۔اردوسائنس بورڈ سائنسی،تکنیکی اورسماجی علوم کو اردومیں ڈھالنے کی قومی خدمات نہایت عمدہ اندازمیں انجام دے رہاہے۔ بورڈ نے حال ہی میں کئی نئی ترجمہ شدہ سائنسی کتابیں شائع کی ہیں ۔
ڈاکٹر جاوید اقبال قاضی نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ المیہ ہے کہ ہمارے ہاں اردومیں عام استعمال ہونے والے الفاظ کے لیے بھی انگریزی الفاظ بولنازیادہ پسندکرتے ہیں۔ سائنسی کتابوں کادیگرزبانوں سے اردوترجمہ کرتے وقت مقامی حالات، ماحول اورزبان کی سادگی کاخیال رکھاجائے۔
۔ بچوں کو اردومیں زیادہ سے زیادہ ذخیرہ الفاظ سکھانے پر توجہ دی جائے تاکہ بڑی کلاسوں میں ان کو اردومیں پڑھنے میں دشواری پیش نہ آئے۔کتابوں میں دلچسپ اورمفید معلومات شامل کی جائیں۔نامورماہرارضیات ڈاکٹر رؤف نظامی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سائنسی کتب میں اپنے ملک اورعلاقوں کی مستند معلومات اورمواد شامل ہوناچاہیے۔مقامی افرادکی تعلیمی استعدادکوسامنے رکھتے ہوئے کتابیں لکھی جائیں۔ کتاب لکھنے والے کواپنے مضمون میں عبورحاصل ہو۔ معروف ماہر تعمیرات وشاعرڈاکٹر غافرشہزادنے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ کتابوں کومقبول عام بنانے کے لیے اس کی زبان اوراسلوب آسان ہوناچاہیے۔ کتاب کی تدوین اورپروف خوانی پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔ ڈاکٹر عنبرین صلاح الدین نے کہاکہ دیگرزبانوں سے اردوزبان میں ڈھالنے کے لیے خصوصی مہارت کی ضرورت ہے۔ سیمینارمیں اردوسائنس بورڈ کے افسران جمیل احمد، بدررضوان عباسی، زاہدہ حمید، زبیر بٹ ، اشفاق خان کے علاوہ ڈاکٹر علیم چوہدری، اورنگ زیب رحمن ، ہارون اکرم گل، محمد نصراللہ ، سجاد بلوچ، نویدمرزااورجنیدرضانے بھی شرکت کی۔