پنجاب میں مسلم لیگ ن کے ساتھ مقابلہ ہو گا : عمران خان

پنجاب میں مسلم لیگ ن کے ساتھ مقابلہ ہو گا : عمران خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور/اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں اب دو گھوڑوں کے درمیان ریس ،پنجاب میں انتخابات میں اب صرف پی ٹی آئی اورمسلم لیگ (ن) کے درمیان مقابلہ ہو گا ،انتخابات سے قبل بہت سے سیاستدان پی ٹی آئی میں آنا چاہتے ہیں جن میں کچھ بدنام ہیں تو بہت سے اچھے نام بھی ہیں۔بی بی سی کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ لاہور جلسے کا مقصد ایک تو آئندہ انتخابات کیلئے پارٹی کے گیارہ نکات عوام کو بتانے تھے اور دوسرا مقصد اس تاثر کو غلط ثابت کرنا تھا کہ لوگ عدلیہ کے فیصلوں سے ناخوش ہیں۔مسلم لیگ(ن) کے گڑھ میں ثابت کرنا چاہتا ہوں کہ لوگ خوش ہیں، پہلی مرتبہ ایک طاقتور کو کوئی قانون کے نیچے لے کر آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں تو رول آف لاء ہی نہیں ہے، یہاں طاقتور کے لیے ایک اور کمزور کے لیے دوسرا قانون ہے۔انہوں نے کہا کہ 2013ء اور اب میں یہ فرق ہے کہ پنجاب میں یہ ٹو ہارس ریس ہے، (ن) لیگ اور تحریک انصاف کا مقابلہ ہے۔ اس سے پہلے پیپلز پارٹی اور (ق) لیگ بھی تھی۔ ٹو ہارس ریس کی وجہ سے اب ہمارے پاس موقع ہے کہ ہم ایسے سیاستدانوں میں سے انتخاب کریں کچھ ایسے ہیں جو بدنام ہیں اور بہت اچھے نام بھی ہیں، لیکن ہم نے انتخاب کرنا ہے اور واقعی لوگ ہمارے پاس آ رہے ہیں۔گذشتہ انتخابات اور آئندہ انتخابات کا تقابل کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اس بار ہمارے پاس تجربہ کار ٹیم ہے، وہ لوگ ہیں جن کو الیکشن لڑنے کی سمجھ بوجھ ہے۔ اس سے پہلے تو 80 فیصد ایسے لوگ تھے جنہوں نے پہلے انتخاب لڑا ہی نہیں تھا۔اکتوبر 2011ء اور پھر 29اپریل کے جلسے میں فرق بتاتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 30اکتوبر 2011ء کی ریلی میں ہماری جماعت پہلی بار ابھر کے سامنے آئے تھی، اور اب کی ریلی میں یہ دکھانا تھا کہ اب یہ ایک بڑی پارٹی بن چکی ہے۔اس سوال پر کہ (ن) لیگ اپنے جلسوں میں اپنے ترقیاتی کاموں کو بیان کرتی ہے اور اسی کا نعرہ لگاتی ہے، پاکستان تحریک انصاف کا نعرہ کیا ہوگا؟۔انہوں نے کہاکہ ہمارا اور ان کا بنیادی فرق یہ ہے کہ وہ فیتے کاٹتے رہتے ہیں، کہتے ہیں کہ میٹرو بنا دی،سڑکیں بنا دیں، ہم کہتے ہیں اصل ڈویلپمنٹ انسانوں کی ڈویلپمنٹ ہوتی ہے، تو انسانوں کی ڈویلپمنٹ آپ نہ کریں اور یہ پل بناتے رہیں، ایسے تو کوئی ملک آج تک ترقی نہیں کر سکا۔وہ یہ میگا منصوبے اس لیے نہیں بناتے کہ وہ ملک کی ضرورت ہے بلکہ اس لیے بناتے ہیں کہ اس میں بڑی رشوت ملتی ہے، جس بھی ملک نے ترقی کی ہے اس نے اپنے عوام پر پیسہ خرچ کیا ہے۔
عمران خان

اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مینار پاکستان کے سائے تلے سیاسی تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم ہوا، قوم اور لیڈر شپ نے مل کر تجدید عہد کیا کہ پاکستان کو مضبوط بنائیں گے۔ اپنے ایک پیغام میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ مینار پاکستان جلسہ پر نئے پاکستان کیلئے ایک وژن دیا، عہد کیا گیا کہ ہر قدم پاکستان کیلئے اٹھے گا، نئے پاکستان میں عوام خوشحال اور ادارے مضبوط ہوں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف

مزید :

صفحہ اول -