پیپلز پارٹی پر قبضہ کیلئے زرداری کو مدد فراہم کی : خواجہ آصف

پیپلز پارٹی پر قبضہ کیلئے زرداری کو مدد فراہم کی : خواجہ آصف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد ( آئی این پی ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے نواز شریف کے آصف زرد ا ری پر احسانات ہیں، ہم نے زرداری کو پیپلز پارٹی پر قبضے کرنے میں مدد فراہم کی، وہ اینٹ سے اینٹ بجانے کا بیان دے کر باہر چلے گئے ا و ر باہر بیٹھ کر معافی کی درخواست بھجواتے رہے ، آصف زرداری کو پچھتاوا ہے پتا نہیں کس موڈ میں اینٹ سے اینٹ بجانے کا بیان دیدیا ، بینظیر کے ساتھی اور بھٹو کے وفادار آصف زرداری کیساتھ نہیں ۔پیر کو نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو میں انکا مزید کہنا تھا ہم نے آصف زردا ر ی کو پیپلز پارٹی پر قبضے میں مدد کی، بلاول بھٹو بھی اس بات کے گواہ ہیں۔ بی بی کی شہادت کے بعد میں اور نواز شریف آصف زرداری سے ملنے ان کے گھر گئے تو ہمیں الگ کمرے میں لے جا کر آصف زرداری نے منتیں شروع کر دیں میں پارٹی کی کمان سنبھالنا چاہتا ہوں آپ لوگ میری مدد کریں ۔ اس کے بعد ایک سیریز آف ایونٹس ہوئے اور مخدوم امین فہیم سمیت بینظیر اور ذوالفقار علی بھٹو کے وفادار ساتھیوں کو سائیڈ لائن کیا گیا ، اگر آصف زرداری اجازت دینگے تو میں یہ پوری سٹوری کسی پروگرام میں سنا دوں گا ۔ ہم نے یہ سب ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کیلئے کیا تاکہ ملک کو آگے بڑھایا جا سکے۔ زرداری دور میں ہم نے مشرف کے مواخذے کی بات کی تو آصف زرداری نے کہا ہم نے امریکہ ، ابو ظہبی اور یو کے کو گارنٹی دی ہوئی ہے مشرف کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کرینگے اس گفتگو کے وقت اسفند یار ولی بھی موجود تھے ۔ میں جو باتیں کر رہا ہوں عینی شاہد کی حیثیت سے کر رہا ہوں ۔ خواجہ آصف نے الزام لگایا آصف زرداری نے فاروق ایچ نائیک کو میرے کیس میں وکالت سے روک دیا اور جب میں نے ان سے وجہ پوچھنے کیلئے فون کیا تو انہوں نے اشتہار لگا دیئے خواجہ آصف نواز شریف کیلئے مجھے فون کر رہا ہے ۔ خواجہ آصف نے شکوہ کیا میں نے ہمیشہ زرداری صاحب سے نبھا کیا مگر انہوں نے میرے ساتھ کبھی نبھا نہیں کیا ۔
خواجہ آصف

مزید :

صفحہ اول -