عمران خان طالبان کو پشاور میں دفتر کھول کر دینا چاہتے تھے، قمر زمان کائرہ

عمران خان طالبان کو پشاور میں دفتر کھول کر دینا چاہتے تھے، قمر زمان کائرہ

لاہور (نمائندہ خصوصی ) پاکستان پیپلز پارٹی نے قرار دیا ہے کہ سال 2013 کے وقت بھی نواز شریف کسی اور کے ایجنڈے کے ساتھ آئے تھے جبکہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے 11نکات کسی این جی او کا ایجنڈا معلوم ہوتے ہیں یہ کیسا قومی ایجنڈا ہے جس میں خارجہ، داخلہ اور دفاعی پالیسی شامل ہی نہیں، یہ کیسا عوامی منشور ہے جس میں مزدوروں، اقلیتوں کا کہیں کوئی ذکر ہی نہیں، آصف علی زرداری کی فہم و فراست اور سیاست کو دیکھ کر نواز شریف کے حواریوں کی چیخیں نکل رہی ہیں ۔پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی دہشت گردوں اور انتہا پسندوں سے کبھی نہیں ڈری،باجوڑ اوروزیرستان آپریشن ہمارے دور میں شروع ہوئے ، دہشتگردوں سے اگر کوئی خوفزدہ تھا تو وہ (ن) لیگ تھی،جب ہم پر حملے ہورہے تھے جی ایچ کیو نشانہ بن رہا تھا یہ طالبان کو خوش کررہے تھے،میاں برادران اس وقت طالبان سے التجا کرتے تھے کہ پنجاب نہ آنا۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلا آپریشن سوات میں پیپلزپارٹی نے کیا، 30 لاکھ لوگوں کو 3 مہینے میں ان کے گھروں میں آباد کیا، جب فوجی جوان شہادتیں دے رہے تھے (ن) لیگ طالبان سے مذاکرات کا مطالبہ کررہی تھی،نوز شریف کے ساتھ عمران خان بھی طالبان کیلئے جلوس نکال رہاتھا،عمران خان تو طالبان کو پشاور میں دفتر کھول کر دینا چاہتا تھا، ہم نے جنوبی وزیرستان آپریشن کا فیصلہ کیا لیکن جنرل کیانی نے کہا وقت کا تعین وہ کریں گے، کراچی آپریشن میں بھی (ن) کا کوئی حصہ نہیں،الطاف حسین تو انکا اتحادی تھا،کراچی آپریشن کا کریڈٹ رینجرز اور سندھ پولیس کو جاتا ہے،علاوہ ازیں پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری منظورینے عمران خان کے مینار پاکستان جلسے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے 11نکات کسی این جی او کا ایجنڈا معلوم ہوتا ہے، گیارہ کے گیارہ نکات مبہم تھے، کوئی بھی واضح پروگرام نہیں دیا گیا،یہ کیسا قومی ایجنڈا ہے جس میں خارجہ، داخلہ اور دفاعی پالیسی شامل ہی نہیں، یہ کیسا عوامی منشور ہے جس میں مزدوروں، اقلیتوں کا کہیں کوئی ذکر ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح عطااللہ نیازی پینتیس سال سے ایک گانا گا رہے ہیں عمران نیازی بائیس سال بھی ایک ہی تقریر کر رہے ہیں، مینار پاکستان پر بڑے جلسوں کے ریکارڈ صرف بینظیر بھٹو کا ہی ہے اور کوئی بھٹو ہی یہ رکارڈ توڑ سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں پیپلزپارٹی ہی ملک بھر سے الیکشن جیتے گی اور حکومت بنائے گی ۔

قمر زمان کائرہ

مزید : صفحہ آخر


loading...