بجلی کی ڈیمانڈ میں مزید اضافہ، لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھادیا گیا

بجلی کی ڈیمانڈ میں مزید اضافہ، لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھادیا گیا

لاہور(کامرس رپورٹر)بجلی کی ڈیمانڈ میں مزید اضافہ ہو گیا جس کے باعث لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھادیا گیا ۔دوسری جانب بجلی کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوا لیکن ڈیمانڈ میں پیداوار کے مقابلہ میں زیادہ اضافہ ہوا ۔ارسا کی جانب سے ڈیموں سے پانی کے اخراج میں اضافہ کے باعث ہائیڈل کی پیداوار بڑھ گئی ۔ ارسا نے گزشتہ روز تربیلا سے 45 ہزار کیوسک اور منگلا سے 28 ہزار کیوسک پانی کا اخراج کیا ۔ ملک کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت بڑھ جانے کی وجہ سے بجلی کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا ۔ این ٹی ڈی سی نے مجبوراً غیراعلانیہ لوڈ شیدنگ کا دورانیہ بڑھا دیا، مرمت کے نام پر بجلی کی بندش بھی بڑھا دی گئی ۔ گزشتہ روز صوبائی دارالحکومت سمیت شہروں میں بعض مقامات پر ہر گھنٹے کے بعد ایک گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی گئی رات کو بھی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا گیا ۔ گزشتہ روز شہروں میں دس سے بارہ جبکہ دیہی علاقوں میں چودہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی گئی ۔ دریں اثناء سورج کی حدت میں مزید اضافہ ہو گیاجس کے باعث میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت مزید بڑھ گئی،اگلے دو روز کے دوران جنوبی پنجاب اور سندھ کے بعض علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والی ہواؤں کا ہلکا سلسلہ ملک میں داخل ہو گیا ہے جس سے آج (منگل)اور جمعرات کے روز بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، فاٹا، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔ گزشتہ روز ریکارڈ کئے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت میں جیکب آباد ،شہید بینظر آباد 50، لاڑکانہ،سکھر ، پڈعیدن،موہنجوداڑو 49، دادو، روہڑی اور رحیم یار خان میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

گرمی کی شدت

لوڈ شیڈنگ

مزید : صفحہ آخر


loading...