جنوبی پنجاب کیلئے جواس حکومت نے کیا وہ کسی نے نہیں کیا ، ارکان پارلیمنٹ

جنوبی پنجاب کیلئے جواس حکومت نے کیا وہ کسی نے نہیں کیا ، ارکان پارلیمنٹ

لاہور(جنرل رپورٹر) ملتان اور بہاولپور ڈویژنوں سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ نے اسلام آباد میں پارٹی قیادت سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سیاسی عناصر احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں جو یہ کہتے ہیں حکومت نے جنوبی پنجاب میں کچھ نہیں کیا ، قائد پاکستان مسلم لیگ(ن)محمد نواز شریف صدر پاکستان مسلم لیگ(ن)اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں موجود ہ حکومت نے جنوبی پنجاب میں وہ کچھ کر دکھایا ہے جوپاکستان کی ستر سالہ تاریخ میں آج تک نہیں ہو سکا۔ اشجاع آباد سے رکن قومی اسمبلی جاوید علی شاہ نے کہاکہ جنوبی پنجاب میں ہیلتھ سینٹر ، ہسپتال ، سکول ، کالجز اور یونیورسیٹیوں کے ساتھ ساتھ ایکسپریس ویز ، موٹر وے کی تعمیر وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کا سنہری کارنامہ ہے جس سے جنوبی پنجاب کے عوام دل سے خوش ہیں۔ احمدپور شرقیہ سے رکن پنجاب اسمبلی خالد وارن نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ ملتان سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی پاکستان مسلم لیگ(ن)سے جدا ہو رہے ہیں انہوں نے کہاکہ جس جماعت نے انہیں اپنے ووٹرز کے سامنے سرخرو کیااور 41 فیصد کے بجائے 45 فیصد فنڈز جنوبی پنجاب کی تعمیر و ترقی پر صرف کئے اسے وہ کیسے چھوڑ کر جا سکتے ہیں۔ بہاولنگر سے شوکت لالیکا نے کہاکہ حکومت پنجاب نے جنوبی پنجاب میں سڑکوں کا جال بچھا دیا ہے اور ایسے علاقوں میں سڑکیں بن گئی ہیں جہاں سے گردو غبار اور شکستہ حال کچے راستے تھے۔ اس سے قبل کسی کو جنوبی پنجاب کا خیال نہیں آیا اور صرف وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے ہی اس علاقے پر بھرپور توجہ دے کر عوام کی قسمت سنوار دی ہے۔ دونوں ڈویژنوں سے دیگر منتخب عوامی نمائندوں نے بھی وزیر اعلی پنجاب کی ان کاوشوں کو سراہا جن کی وجہ سے جنوبی پنجاب کا احساس محرومی دور ہوا اور لوگوں کو میگا پراجیکٹس کی تکمیل سے جدید سہولیات زندگی میسر آ رہی ہیں۔ ملتان سے شیخ طارق نے کہاکہ سیاسی مخالفت کی بناء پر جنوبی پنجاب کی محرومی کا رونا رونے والے محض پوائنٹ سکورنگ کر رہے ہیں جس کا حقیقت سے دور کا بھی واسطہ نہیں۔

مزید : صفحہ آخر


loading...