کیمسٹ ، میڈیکل سٹور مالکان کی ہڑتال نے ہسپتالوں میں ادویات کے سٹا ک کا پول کھول دیا

کیمسٹ ، میڈیکل سٹور مالکان کی ہڑتال نے ہسپتالوں میں ادویات کے سٹا ک کا پول ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (جنرل رپورٹر)کیمسٹ اور میڈیکل سٹور مالکان کی ہڑتال نے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کے سٹاک کا پول کھول دیا۔ہرمرض کی وافر ادویات موجود ہونے کے دعوے جھوٹ نکلے۔سرکاری ہسپتالوں میں داخل مریض اور ان کے اہل خانہ ہسپتال سے میڈیسن نہ ملنے پر ہاتھوں میں ڈاکٹری نسخے لیے مارے مارے پھرنے لگے۔پنجاب میں میڈیکل سٹور مالکان کی شٹرڈاون ہڑتال کے باعث صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں زیرعلاج مریض بھی بری طرح متاثر ہونے لگے ہیں۔محکمہ صحت اور پنجاب حکومت کی طرف سے صوبے کے تمام سرکاری ہستپالوں میں ہر مرض کے لیے وافر ادویات موجود ہونے کے دعوے تو کئے جاتے ہیں۔لیکن عملی طورپر ایسا نہیں ہے۔اور چند ایک امراض کی ابتدائی ادویات کے سوا جملہ امراض کی ادویات سرکاری ہسپتالوں کی فارمیسیوں میں دستیاب نہیں ۔عام دنوں میں ڈاکٹر وں کی طرف سے لکھی جانے والی ادویات ہسپتال کے باہر کسی بھی میڈیکل سٹور سے باآسانی مل جاتی تھیں۔لیکن فارما سیکٹر کی پانچ دنوں سے جاری ہڑتال کی وجہ سے مریضوں کو سخت مشکلا ت اور پریشانی کاسامنا ہے۔کیونکہ ایک طرف ہسپتالوں کی فارمیسیوں میں ادویات دستیاب نہیں تو دوسری طرف میڈیکل سٹور شٹر ڈاون ہڑتال پر ہیں۔محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان اخلاق علی خان نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں 90سے 95فیصد امراض کی ہر طرح کی ادویات موجود ہیں۔اور فارما سیکٹر کی ہڑتال کی وجہ سے ہسپتالوں میں داخل مریضوں کو کسی قسم کی پریشانی کاسامنا نہیں ۔لیکن دوسری طرف سرکاری ہسپتالوں میں فرائض انجام دینے والے ڈاکٹر صاحبان کا کہنا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں کی فارمیسیوں میں انتہائی معمولی اور ابتدائی درجے کی ادویات کی سوا کوئی دوا موجود نہیں ۔مجبوراً مریضوں کو باہر سے ادویات لانا پڑتی ہیں۔اور میڈیکل سٹورز کی ہڑتال کے باعث ایسے مریضوں اور ان کے لواحقین کو سخت پریشانی کاسامنا ہے۔
ہڑتال

مزید :

صفحہ آخر -