کرکٹ کے کامیاب عالمی مقابلوں کے بعد پاکستان میں پہلی سپر کبڈی لیگ کا تاریخ ساز اقدام
تحریر-: نزاکت علی بھٹی
یہ امر خوش آئند ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کے فروغ کیلئے پہلےPSL کے کامیاب انعقاد کے بعد کبڈی سپر لیگ KSL کو پاکستان میں منعقد کرنے کیلئے اسٹرابری سپورٹس مینجمنٹ نے تاریخ ساز اقدام کیا ہے۔کبڈی سپر لیگ کی افتتاحی تقریب یکم مئی کو الحمرا اوپن ایئر تھیٹر نزد قذافی اسٹیڈیم میں منعقد ہو گی جبکہKSL چیمپئن شپ مقابلے کبڈی کے قومی و بین الااقوامی کھلاڑیوں پر مشتمل 10ٹیموں کے مابین10مئی تک لاہور میں جاری رہیں گے۔جن میں لاتعداد شائقین ملک بھر سے شرکت کر کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔کبڈی سپر لیگ کی افتتاحی اور اختتامی تقریب میں شو بز کے نامور فنکار اپنے شاندار فن کا مظاہرہ کریں گے اور یوں کلچرل حوالے سے بھی یہ ایک یادگار تقریب ثابت ہو گی۔کبڈی ہمارا روائیتی قومی کھیل ہے جو کسی بھاری بھر کم اور مہنگے سامان کے بغیر کھیلا جانے والا انتہائی سستا کھیل ہونے کی بنا پر ہماری70 % آبادی میں بے حد مقبول ہے۔جس کے بارے میں کسی شاعر نے کیا خوب کہا ہے کہ:
اک چڈی میں کبڈی کبڈی۔کتنا سستا کھیل ہے
آؤ سارے مل جُل کھیلیں۔کبڈی۔کبڈی۔کبڈی
کبڈی کے ہمارے شہہ زور کھلاڑی ملک ہی میں نہیں دنیا بھر میں بہت شہرت رکھتے ہیں۔کبڈی سپر لیگ کے پہلے چہمپئن شپ مقابلوں میں قومی سطح کے20پلاٹینیم کھلاڑی اور90گولڈ پاکستانی کھلاڑیوں کے علاوہ16غیر ملکی کھلاڑی منتخب کیے گئے ہیں جن میں ایران،جاپان،سری لنکا،کینیا،عراق،ملائشیا اور بنگلہ دیش کے کھلاڑی شامل ہیں۔کبڈی میں بھارت کو عالمی سطح پر برتری حاصل ہونے کے باوجود انڈیا نے کرکٹ کی طرح پاکستان میں کبڈی کے سپر لیگ مقابلوں میں بھی اپنے کھلاڑیوں کی شرکت پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ گزشتہ روز ایک 5سٹار ہوٹل میں کبڈی سپر لیگ کے10کوچز اور10ٹیموں کے10,10 کھلاڑی منتخب کیے گئے جن میں ہر ٹیم میں2پلاٹینیم،7گولڈ اور ایک ایک غیر ملکی کھلاڑی کو فرنچائزی کمپنیوں کے مالکان نے اپنے کوچز کی رہنمائی میں منتخب کیا۔جن میںAFسپورٹس کی ٹیم گجرات واریئرز،وقار چھٹہ انٹرپرائزز کی ٹیم اسلام آباد آل راؤنڈرز،پیسٹی سائیڈز انڈسٹری کی معروف کمپنیوں علی اکبر گروپ،تارا گروپ اور سائبان گروپ کی ٹیم لاہور تھنڈر ، ایوائل گروپ،اوریگا گروپ اور سن کراپ گروپ کی ٹیم ملتان سکندر،پیسٹی سائیڈز کی ملٹی نیشنل کمپنیوں FMC اور کراپ لائف کی ٹیم ساہیوال بُلز،فرٹیلائزرز کمپنیوں میں اینگرو فرٹیلائزرز کی کراچی زور آور،فاطمہ گروپ کی شیردل ٹیم،ڈیو کلاسک کی ٹیم پشاور حیدرز،BTN مارکٹینگ و سورجTVکی ٹیم گوادر بہادرز اور معروف سنگر و سماجی رہنما شہزاد رائے کی ٹیم کشمیر جانباز شامل ہیں۔10ٹیموں کے کھلاڑیوں اور کوچز کے چناؤ کی متذکرہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپر کبڈی لیگ کے بانی و چیف ایگزیکٹو اسٹرابری سپورٹس مینجمنٹ حیدر علی داؤد خان اور سپر کبڈی لیگ کے کمشنر و سیکرٹری جنرل پاکستان کبڈی فیڈریشن رانا محمد صفدر نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ کھیل پوری قوم کو یکجا کرنے،ان میں حب الوطنی،یگانگت اور یکجہتی کو فروغ دینے اور پوری دنیا میں پاکستان کا باوقار اور پر امن ملک ہونے کا تشخص ابھارنے اور نوجوانوں میں صحت مندانہ سرگرمیوں کا جذبہ بیدار کرنے کابہترین ذریعہ ہیں،جن کے بھر پور انداز میں انعقاد کی سرکاری اور کارپوریٹ سیکٹر کی جانب سے خصوصی سر پرستی و حوصلہ افزائی وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ہم پاکستان کے نوجوان سپورٹس ہیروز کی شاندار کارکردگی کو مثالی بنا سکیں۔انہیں دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے کے ولولہ سے سرشار کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ بین الااقوامی کبڈی فیڈریشن کی با ضابطہ منظوری اور پاکستان کبڈی فیڈریشن کے اشتراک سے پاکستان میں پہلے سپر لیگ کبڈی کے مقابلے یکم مئی تا10مئی لاہور میں منعقد ہوں گے جن میں پاکستان سمیت 9ملکوں کے عالمی شہر ت یافتہ کھلاڑی حصہ لیں گے جن پر مشتمل ٹیموں کے ملکیتی حقوق ملک کی ممتاز کمپنیوں نے فرنچائزز کی حیثیت سے حاصل کیئے ہیں جو10سال تک سالانہ سپر کبڈی لیگ مقابلوں میں اونرشپ حقوق حاصل کرنے کے مجاز ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اس پہلے سپر کبڈی لیگ کو کامیاب بنانے میں پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن،محکمہ زراعت پنجاب،کارپوریٹ سیکٹر کی 10 ممتاز کمپنیوں اور پاکستان و عالمی کبڈی فیڈریشنز کے تعاون پر خراج تحسین پیش کیا اور آئندہ بھی ان کی جانب سے ا سی طرحبھر پور معاونت جاری رکھنے کی توقعات کا اظہار کیا۔
لاہور تھنڈر کبڈی ٹیم کے فرنچائزز علی اکبر گروپ کے مینجنگ ڈائریکٹر سعد اکبر خان،تارا گروپ پاکستان کے چیئر مین ڈاکٹر خالد حمید اور سائبان گروپ کے چیف ایگزیکٹو اعظم چیمہ نے کھلاڑیوں کو منتخب کرنے اور اسٹرابری سپورٹس مینجمنٹ سے لاہور تھنڈر ٹیم کی اونر شپ کے معاہدہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کبڈی ہماری 70%دیہی آبادی کا مقبول ترین کھیل ہے لہٰذا پیسٹی سائیڈز کی صنعت کی سر فہرست کمپنیوں نے پاکستان میں منعقد ہونے والے اس پہلے سپر کبڈی لیگ کو کامیاب بنانے کیلئے سیکرٹری زراعت پنجاب جناب محمود احمد کی تحریک پر بھر پور تعاون کیا اس لیے کہ زرعی معشیت میں مرکزی کردار ادا کرنے والی دیہی آبادی کی فلاح و ترقی ہماری اولین ترجیح ہے ۔ہم ان کی کھیت کھلیان میں پیداواری صلاحیت کو بڑھانے اور انہیں جدید ترین ٹیکنالوجی ان کی دہلیز پر پہنچانے ہی میں پیش پیش نہیں بلکہ زراعت پیشہ دیہی آبادی کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کیلئے وظائف اور شاندار مراعات کے ساتھ روزگار کے اعلیٰ مواقع بہم پہنچانے کے علاوہ انہیں غیر نصابی سرگرمیوں و کھیلوں میں دیہی آبادی کے نئے ٹیلنٹ کی بھر پور حوصلہ افزائی کیلئے مختلف گیمز کی سپانسر شپ میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کبڈی دنیا کے 40ممالک میں کھیلی جا رہی ہے جن میں پاکستان کو نمایاں برتری حاصل ہے۔کبڈی میں پاکستانی کھلاڑی بین الااقوامی،ایشیائی و ساؤتھ ایشین مقابلوں میں 4گولڈ میڈلز،12سلور میڈلز اور7برونز میڈلز جیت کر پاکستان کا نام روشن کر چکے ہیں۔با لخصوص کبڈی کا ایشائی کپ بھارت کی سر زمین پر جیتنا ہمارے شیر دلیر کبڈی کھلاڑیوں کا قابل فخرکارنامہ ہے۔اسی طرح یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اس وقت عالمی سطح پر پاکستان کو ورلڈ ریٹنگ میں90پوائنٹس کے ساتھ دنیا میں دوسری پوزیشن حاصل ہے جبکہ بیشتر ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک اس ضمن میں پاکستان سے بہت پیچھے ہیں مگر یہ انتہائی افسوسناک امر ہے کہ گزشتہ دو تین دہائیوں میں کبڈی کو کھیلوں کے فروغ کی قومی و صوبائی پالیسیوں میں بری طرح نظر انداز کیا گیا بہر حال دیر آید درست آید کے مصداق ہماری طرح دیگر کارپوریٹ سیکٹر کی کمپنیوں نے جس بھر پور عزم کے ساتھ کبڈی کے قومی کھلاڑیوں کا بھر پور حوصلہ و جذبہ بڑھانے اور اس قومی روائیتی کھیل کو اس کا کھویا ہوا مقام بحال کرواکر دنیا بھر میں پاکستان کی کبڈی ٹیم کو سربلندی سے ہمکنار کرنے کا جو اقدام کیا ہے وہ انشا ء اللہ قومی کبڈی کے عالمی سطح پر برتری میں بے حد معاون ہو گا۔ہم پاکستان میں منعقدہ اس پہلے کبڈی لیگ مقابلوں میں شرکت کرنیوالے بین الااقوامی و نامور قومی کھلاڑیوں کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں اور اسٹرابری سپورٹس مینجمنٹ کو محکمہ زراعت پنجاب کے اشتراک سے ان عالمی مقابلوں کے شاندار انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے سپر کبڈی لیگ کے تمام مقابلے لاہور میں منعقد کر نے کی بجائے ساہیوال،اوکاڑہ،خانیوال،ملتان،بہاولپور،گوجرانوالہ، گجرات ،فیصل آباداور سرگودھا جیسے دوسرے صوبوں کے شہروں میں بھی منعقد کےئے جاتے تو بہترہوتاتاکہ دیہی آبادی وہاں پر آسانی سے شرکت کر کے اپنے کھلاڑیوں کے حوصلے بڑھاتی۔
سپرکبڈی لیگ کی متذکرہ تقریب میں لاہور تھنڈر کبڈی ٹیم کیلئے پاکستان آرمی کے نامور کوچ اقرار حسین منتخب ہوئے جبکہ عالمی سطح پر مقبول ایرانی کھلاڑی مرتضیٰ جالمیندرے ،پاکستان پلاٹینیم کھلاڑیوں میں محمد صفیان اور مدثر شاہ کے علاوہ 7گولڈ کھلاڑیوں میں احسن محمود،عاطف سہیل،محمد افضل،محمد علی،محمد مجاہد،محمد عابد اور مظہر اقبال شامل ہیں۔لاہور تھنڈر کے کوچ اقرار حسین پُرامید ہیں کہ ان کی آل راؤنڈرز قومی و عالمی کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم انشا ء اللہ شاندار کھیل کا مظاہر ہ کر کے سپر کبڈی لیگ کی پہلی چیمپئن شپ میں نمایا ں مقام حاصل کرے گی اور سپر کبڈی لیگ کی تمام ٹیموں میں سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم انشا ء اللہ آئندہ ورلڈ کپ جیت کر پاکستان کا نام دنیا بھر میں پھر روشن کرے گی۔