شب برات ،جشن نیمہ شعبان آج مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منایا جائیگا

شب برات ،جشن نیمہ شعبان آج مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منایا جائیگا

راولپنڈی(جنرل رپورٹر) قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے اعلان کردہ عالمگیر ایام عدل کی مناسبت سے جشن نیمہ شعبان (شب برات)کے پروگراموں کو منظم و مرتب کرنے کیلئے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ ضلع راولپنڈی کا اہم اجلاس ضلعی صدر الحاج غلام مرتضی چوہان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں مساجد ،امامبارگاہوں اور پبلک مقامات پر ہونیوالے پروگراموں اور محافل میلاد کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ریجنل صدرعلامہ ابوالحسن تقی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے الحاج غلام مرتضی چوہان نے کہا کہ راولپنڈی مرکزی جشن نیمہ شعبان ظہور قائم آل محمد متولی دربار سخی شاہ پیارا کاظمی المشہدیؒ باوا قاسم علی شاہ کاظمی کے زیر اہتمام دربارشریف میں 14شعبان منگل کو8بجے شب شروع ہوگا جس سے نامور علمائے کرام اور ذاکرین خطاب کریں گے، امام بارگاہ ناصر العزاء وارث خان میں خصوصی تقریب کا انعقاد ہوگا، قصر ابو طالب ؑ میں جشن امام الزمان کی تقریب منعقد ہوگی۔اس موقع پر شب برات کے مخصوص اعمال ادا کیے جائیں گے اسکے علاوہ پیرو گروٹی ، بنگش کالونی، امام بارگاہ زین العابدین سمیت راولپنڈی کی مختلف مساجد،امامبارگاہوں میں نیمہ شعبان کی محافل سے علمائے کرام اور ذاکرین خطاب کریں گے۔جشن کے اختتام پر عریضہ حاجات سپرد آب کرنے کیلئے قافلے راول ڈیم روانہ ہوں گے۔غلام مرتضی چوہان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسوقت پوری دنیا کو درپیش بدامنی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے عدل و انصاف کی راہ پر گامزن ہونا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے جس کیلئے حقیقی نمائندگان خدا کے دامن سے وابستگی اختیار کرنی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ انسانیت ایک مسیحا کی منتظر ہے جو ظہور فرما کر ظلم و بربریت اور استبداد سے بھری دنیا کو عدل و انصاف سے لبریز کریں گے۔انہوں نے کہا کہ امام عصر ؑ اذنِ خداوندی کے منتظر ہیں جو دنیا میں جلو ہ افروز ہوکر ظلم و جور کی تاریکی میں عدل و انصاف کا چراغ روشن کریں گے۔انہوں نے اس عہد کا اظہار کیا کہ قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کی قیادت میں مظلومین کی حمایت اور ظالمین سے نفرت و بیزاری کیلئے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی پرخلوص ،بے لوث عملی جدوجہد عقیدہ ولاء و عزاء اور جذبہ حب الوطنی کیساتھ تاظہورِ حضرت قائم ؑ جاری و ساری رہیگی۔اجلاس سے ضلعی جنرل سیکرٹری قاضی وفا عباس، راجہ خلیل عباس، شفقت ترابی ، عباس بلوچ اور مہدی الحسینی نے بھی خطاب کیا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...