ملک کی معاشی شہ رگ کراچی پھر روشنیوں کا شہربن گیا، گورنر سندھ

ملک کی معاشی شہ رگ کراچی پھر روشنیوں کا شہربن گیا، گورنر سندھ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (این این آئی) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے ، صوبہ با لخصوص کراچی میں امن و امان برقرار رکھنے اور ہر قسم کے جرائم کے خاتمہ میں پولیس کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے اس ضمن میں پولیس کا رویہ اور عوام کا پولیس سے تعاون جرائم کی بیخ کنی میں اہم ثابت ہو سکتا ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے انسپکٹر جنرل آف سندھ پولیس اللہ ڈنو خواجہ سے ملاقات میں کیا ۔ ملاقات میں امن و امان کی صورتحال ، جرائم کے خاتمہ کے لئے جاری ایکشن ، اسٹریٹ کرائم کے خاتمہ کے لئے کئے گئے اقدامات ،حساس مقامات پر نگہبان کیمروں کی تنصیب، صوبہ کے داخلی و خارجی راستوں پر موئثر انتظام ،جرائم کے خاتمہ میں پولیس کی استعداد اور بہتر نتائج کے حصول میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔گورنرسندھ نے کہا کہ 2013 ء کے مقابلہ میں آج ساز گار ماحول کے باعث صوبہ با الخصوص کراچی میں سیاسی ، معاشی اقتصادی ، کاروباری ، تجارتی ، سماجی ، ثقافتی ، ادبی اور دیگر سرگرمیوں میں تسلسل سے اضافہ دیکھا جارہا ہے ، ملک کی معاشی شہ رگ کراچی ایک بار پھر روشنیوں کا شہربن گیا ہے ، ہرطرف سیاسی ، سماجی ، معاشی اور دیگر مثبت سرگرمیوں میں لوگ بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں ، شہر کے باسی احساس تحفظ کے باعث رات گئے جاری رہنے والی سرگرمیوں میں بھرپور طریقہ سے حصہ لے رہے ہیں جو موجودہ حکومت کی کامیابی کی واضح مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز اور پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے پناہ قربانیاں پیش کرکے شہر میں امن وامان قائم کیا اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کی ،امن و امان کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لئے شہر میں ٹارگیٹڈ آپریشن جاری رہے گا ، شہر کے مکین رینجرز ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ شہر کے حساس مقامات پر نگہبان کیمروں کی تنصیب باالخصوص کراچی میٹرو پولیٹن ، سندھ پولیس اور دیگر اداروں کے تنصیب کردہ نگہبان کیمروں کے کنٹرول رومز میں باہمی تعاون جرائم کی روک تھام میں اہم ثابت ہو سکتا ہے۔آئی جی سندھ نے گورنر سندھ کو شہر میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے ا کئے گئے اقدامات سمیت دیگر متعلقہ امور سے تفصیلی آگاہ کیا ۔
گورنر سندھ