عالم دین مولانا مشرف علی تھانوی مدینہ منورہ میں انتقال کرگئے

عالم دین مولانا مشرف علی تھانوی مدینہ منورہ میں انتقال کرگئے

لاہور (خصوصی رپورٹ )ملک کے نامور عالم دین اور دارالعلوم اسلامیہ کامران بلاک علامہ اقبال ٹاؤن لاہورکے مہتمم مولانا مشرف علی تھانوی مدینہ منورہ میں اچانک حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے 80سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ مرحوم انتہائی متقی پرہیزگار اور نیک سیرت انسان تھے۔ انہوں نے جامعہ اشرفیہ لاہور سے دینی تعلیم حاصل کی وہ برصغیر پاک و ہند کی نامور علمی و اصلاحی شخصیت حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی ؒ کے نواسہ، مفتی جمیل احمد تھانوی کے بڑے بیٹے ملک کے معروف قاری مولانا قاری احمد میاں تھانوی، مولانا خلیل احمد تھانوی اور مولانا محمد میاں تھانوی کے بڑے بھائی تھے۔ انہوں نے 2بیٹے، 9 بیٹیاں اور اہلیہ سمیت ہزاروں شاگرد اور لاکھوں عقیدت مند سوگوار چھوڑے، مرحوم کو ان کی وصیت کے مطابق جنت البقیع مدینہ منورہ میں دفن کیا جائیگا۔ مولانا مشرف علی تھانوی کی وفات پر جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم حضرت مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی، نائب مہتمم مولانا قاری ارشد عبید، حافظ اسعد عبید، حافظ اجود عبید، مولانا زبیر حسن، حافظ خالد حسن، مولانا محمد اکرم کاشمیری، پروفیسر مولانا محمد یوسف خان، مولانا سید فہیم الحسن تھانوی اور مولانا مجیب الرحمن انقلابی نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم علم و عمل کے پیکر اور اکابرین اسلاف کی جیتی جاگتی تصویر اور خانقاہ سلسلہ اشرفیہ کے روشن چراغ تھے مرحوم کی تمام زندگی دین اسلام کی اشاعت اور تحریر و تصنیف میں گزری۔ انہوں نے مرحوم کے لئے جنت الفردوس میں اعلی مقام اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...