بجٹ میں سبسڈی کے بہتر نتائج برآمد ہوں گے،اشتیا ق بیگ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)مسلم لیگ (ن) بزنس فورم کے صدر مرزا اشتیاق بیگ نے مسلم لیگ کی حکومت اور وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو عوام اور کاروبار دوست بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ میں ٹیکس استثنیٰ اور سبسڈی کے بہتر نتائج برآمد ہوں گے جبکہ سوشل، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بہت اچھے اقدامات تجویز کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پانی کے مسائل کے حل کیلئے ڈی سیلی نیشن منصوبہ انتہائی اہم اعلان ہے جس سے کراچی کے عوام کو واٹر مافیا سے چھٹکارا ملے گا۔ اشتیاق بیگ نے مختلف مدوں میں ٹیکسوں میں کمی خوش آئند قرار دیتے ہوئے ایف بی آر کی جانب سے سالانہ آڈٹ کی مدت 3 سال کرنے کی تجویز کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں مثبت اقدامات تجویز کئے گئے ہیں جنہیں آنے والی حکومت کو بھی جاری رکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جون 2018ء تک زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ متوقع ہے کیونکہ ایمنسٹی اسکیم کے تحت اربوں ڈالر حکومت کو حاصل ہوں گے۔ انہوں نے بجٹ کو عوام، کاروبار، زراعت اور اسٹاک ایکسچینج فرینڈلی قرار دیا۔