لکی سیمنٹ کو 9 ماہ میں ریکارڈ 9.80 ارب روپے کا منافع
کراچی (پ ر)لکی سیمنٹ نے 31مارچ2018کو ختم ہونے والے مالی سال 2017-18کے 9 ماہ کے دوران ہونے والے منافع میں9.80 ارب روپے کے کا اعلان کیا ہے جو پچھلے سال کے اس عرصے کے مقابلے میں 6فیصد کم ہے۔ کمپنی کی فی حصص آمدنی پچھلے مالی سال کے اس عرصے کے 32.23 روپے کے مقابلے میں30.31روپے رہی۔ کمپنی کا مجموعی سیلز ریونیوپچھلے سال کے اسی عرصہ کے47.29ارب روپے کے مقابلے میں7.1فیصداضافے کے ساتھ50.63 ارب روپے رہا۔ریونیو میں اضافے کی بنیادی وجہ زیادہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس تھا۔ کمپنی کی مقامی فروخت 16.9فیصد(شمالی 19.7فیصد اورجنوبی 13.7فیصد) اضافے کے ساتھ 5.04ملین ٹن رہی جوکہ پچھلے سال کے اس عرصے میں 4.31ملین ٹن تھی جبکہ مقامی کلنکر سیلز حجم 79.5فیصد کمی کے ساتھ 0.06ملین ٹن رہا جوکہ گزشتہ سال اسی عرصہ کے دوران 0.29ملین ٹن تھا۔ کمپنی کے مجموعی مقامی سیلز گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے 4.60ملین ٹن کے مقابلے میں 10.09فیصد اضافہ کے ساتھ 5.10ملین ٹن رہی۔ کمپنی کی برآمدی فروخت 20.3فیصد کمی کے ساتھ پچھلے مالی سال کے اسی عرصے کے0.93ملین ٹن کے مقابلے میں 0.74ملین ٹن رہی ۔اس طرح31مارچ کو ختم ہونے والے 9ماہ میں لکی سیمنٹ کا مجموعی منافع ایک فیصد کمی کے ساتھ 11.94ار ب روپے رہا جبکہ کمپنی کی فی حصص خالص آمدنی پچھلے سال کی اسی مدت کے37.27روپے کے مقابلے میں کم ہو کر 36.91روپے ہوگئی۔لکی سیمنٹ نے پیزو پلانٹ میں 17.50ارب روپے کے براؤن فیلڈ کی توسیع کا اعلان کیا ہے جس سے سیمنٹ کی پیداوار 2.60ملین ٹن سالانہ ہوجائے گی۔اس کے علاوہ لکی سیمنٹ نے سماوا عراق میں1.20ملین ٹن کلنکر کیلئے 109ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا بھی اعلان کیا ہے ۔