گوادر میں فٹبال اسٹیڈیم کی خواہش ہے،سیاست کوہی شطرنج سمجھتا ہوں: صادق سنجرانی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ مجھے شطرنج کے بار ے میں زیادہ معلومات نہیں کیونکہ ہم توسیاست کوہی شطرنج سمجھتے ہیں۔میری خواہش ہے کہ گوادر اور چاغی میں فٹبال اسٹیڈیم بننا چاہیے۔
وفاقی دارالحکومت میں منعقدہ 31ویں نیشنل چیس چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صادق سنجرانی نے چیس فیڈریشن کو 2 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا اور اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں سے متعلق جو تجاویز آئیں گی ا±ن کے لیے بھرپور تعاون کروں گا کیونکہ میں ملک میں کھیلوں کا فروغ چاہتا ہوں اور کھیل کوئی بھی ہو صحت مند ہی ہوتا ہے۔
چیئرمیں سینیٹ نے کہا کہ بلوچستان کےلوگ فٹبال کوبہت پسندکرتے ہیں مجھے بھی یہ کھیل بہت پسند ہے اس لیے اپنی دو ٹیمیں بنائی ہوئی ہیں جو صوبائی سطح پر ہونے والے مختلف میچز کھیلتی ہیں، میری خواہش ہے کہ گوادر اور چاغی میں فٹبال اسٹیڈیم بننا چاہیے۔صادق سنجرانی کا کہنا تھاکہ مجھے شطرنج کے بار ے میں زیادہ معلومات نہیں کیونکہ ہم توسیاست کوہی شطرنج سمجھتے ہیں۔
واضح رہے کہ شطرنج کھیل کی عالمی تنظیمی اور ایشیائی چیس فیڈریشن کے بینر تلے چیس فیڈریشن آف پاکستان اور پنجاب چیس ایسوسی ایشن نے 31 ویں نیشنل چیمپئن شپ کا انعقاد کیا تھا جو 2 اپریل سے یکم مئی تک جاری رہی۔