اگر آپ جہاز میں یہ حرکت کریں گے تو سب آپ کو جاہل اور بدتمیز سمجھیں گے۔۔۔ جہاز میں کیا کرنا چاہیے اور کیا نہیں؟ دلچسپ اور اہم معلومات
لندن(نیوز ڈیسک)جسے زمین پر تمیز نہیں اس سے جہاز میں تمیز کی توقع کیونکر کی جا سکتی ہے؟ بس یہی تو وجہ ہے کہ ہوائی جہاز کے سفر کے دوران بھی کچھ لوگ ایسی بدتہذیبی کا مظاہرہ کرتے نظر آتے ہیں کہ سب انہیں حیرت سے دیکھتے ہیں، مگر انہیں فرق ہی کیا پڑتا ہے۔ اس باوجود ویب سائٹ ’ایکسپیڈیا‘ نے ’ائیرپلین ایٹی کیٹ 2018ئ‘ کے نام سے اپنی خصوصی رپورٹ ضرور شائع کردی ہے کہ شاید اسے پڑھ کر کسی کو کچھ سبق مل جائے۔
اس رپورٹ سے بہت سی ایسی باتوں کا پتا چلتا ہے جو فضائی مسافروں اور جہاز کے عملے کے لئے بہت ناپسندیدہ ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ جہاز میں چیختے چلاتے بچے، دوسرے کی سیٹ پر پاﺅں رکھنے والے مسافر، نیند کے دوران خراٹے لینے والے، شور شرابا کرنے والے، اور ننگے پاﺅں جہاز میں پھرنے والے مسافر وں کو ہر کوئی بے حد ناپسند کرتا ہے۔
ایک سروے کے مطابق تقریباً 35 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ اگر کوئی ان کی جگہ میں ناجائز مداخلت کرتا ہے یا گزرتے ہوئے ان کے ساتھ ٹکراتا ہے تو انہیں یہ بات بہت ناگوار گزرتی ہے۔ اسی طرح جو لوگ میوزک سننے کے لئے ہیڈفون کا استعمال نہیں کرتے انہیں بھی ناپسندیدگی کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ اور خصو صاً جو لوگ ننگے پاﺅں جہاز میں چلتے پھرتے رہتے ہیں انہیں تو سخت ناپسند کیا جاتا ہے۔ بعض لوگ تو ایسے بدتہذیب بھی ہوتے ہیں کہ ٹوائلٹ میں بھی ننگے پاﺅں چلے جاتے ہیں اور پھر واپس آ کر وہی پاﺅں اگلے مسافر کی سیٹ کے آرم ریسٹ پر رکھ لیتے ہیں۔ ایسے مسافروں کے خلاف اکثر جہاز کے عملے کو حرکت میں آنا پڑتا ہے۔شاید آپ بھی سوچ رہے ہوں گے کہ بھلا جہاز میں ایسے لوگ بھی ہوتے ہیں۔ جی ہوتے ہیں، اور فضائی عملے کا تو بتانا ہے کہ انہیں اکثر ایسے عجوبوں سے واسطہ پڑتا رہتا ہے۔