نواز شریف پیپلز پارٹی کے احسانوں تلے دبے ہوئے ہیں،انہوں نے ہمیشہ پارلیمنٹ اور سیاسی قوتوں کو کمزور کیا :سعید غنی

نواز شریف پیپلز پارٹی کے احسانوں تلے دبے ہوئے ہیں،انہوں نے ہمیشہ پارلیمنٹ ...
نواز شریف پیپلز پارٹی کے احسانوں تلے دبے ہوئے ہیں،انہوں نے ہمیشہ پارلیمنٹ اور سیاسی قوتوں کو کمزور کیا :سعید غنی

  


کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ نواز شریف پیپلز پارٹی کے احسانوں تلے دبے ہوئے ہیں، اگر انہیں احساس ہو جائے تو شاید ساری زندگی یہ پیپلز پارٹی کے احسانات نہ اتار سکیں،تیسری مرتبہ وزیراعظم بننے کی شرط پیپلز پارٹی کے دور میں ختم ہوئی تھی اور اس وقت ملک میں واحد آدمی نواز شریف تھے جنہیں اس کا فائدہ ہوا،نواز شریف نے ہمیشہ پارلیمنٹ اور سیاسی قوتوں کو کمزور کیا ہے ۔

نجی ٹی وی کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے ساہیوال جلسہ میں سابق صدر آصف زرداری پر کی جانے  والی تنقید پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے سیعد غنی کا کہنا تھا کہ  کچھ مہینوں سے نواز شریف پر کڑا وقت آیا ہے تو ان کے رویے میں تبدیلی آئی ہے، ورنہ نواز شریف نے ہمیشہ پارلیمنٹ اور سیاسی قوتوں کو کمزور کیا ہے،ہر انتخاب میں پیپلز پارٹی کے خلاف جو دھاندلی ہوئی اس کے بینیفشری نواز شریف ہی رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کبھی بھی کوئی ایسی تحریک نہیں چلائی جس سے پارلیمنٹ اور سیاسی قوتیں مضبوط ہوں، اس لیے نواز شریف کے منہ سے ایسی باتیں اچھی نہیں لگتی جو وہ آج کر رہے ہیں،نواز شریف پیپلز پارٹی کے خلاف سازشوں میں ملوث تھے لیکن جب مشرف کے دور میں ان پر مشکل وقت آیا تو بے نظیر بھٹو نے انہیں اے آر ڈی میں شامل کر کے سہارا دیا۔انہوں نے کہا کہ  بے نظیر بھٹو  کی شہادت سے پہلے نواز شریف انتخابات کا بائیکاٹ کر بیٹھے تھے لیکن بے نظیر  نے انہیں انتخابات لڑنے کے لیے راضی کیا اور پھر بی بی کی شہادت کے بعد انہوں نے انتخابات کا بائیکاٹ کیا تو آصف علی زرداری نے انہیں الیکشن لڑنے کے لیے راضی کیا۔انہوں نے کہا کہ  پیپلز پارٹی اس حوالے سے وضاحت جاری کر چکی ہے کہ سابق صدر نے نا کوئی بیان جاری کیا اور نا صحافیوں سے ملاقات کی۔

مزید : قومی


loading...