ہم کراچی کے تشخص کو بحال اور اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے :حافظ نعیم الرحمن 

ہم کراچی کے تشخص کو بحال اور اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے :حافظ نعیم ...
ہم کراچی کے تشخص کو بحال اور اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے :حافظ نعیم الرحمن 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی میں پانی کا انتہائی سنگین مسئلہ ہے ، کراچی کا پانی کسی اور کو دے دیا جاتا ہے ، کراچی میں بجلی اور پانی سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے واحد اور توانا صرف جماعت اسلامی کی آواز ہے اور اہل کراچی کی طرف سے ہمیں پذیرائی مل رہی ہے ،ہم  کراچی کو اس کا کھویا ہوا مقام دلوائیں گے ،کراچی کے تشخص کو بحال کریں گے اور تہذیب و شائستگی جو اس کی پہچان تھی واپس لائیں گے،نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر خیر کے کاموں میں اپنا کردار ادا کریں اور نچلی سطح پر عوامی مسائل کے حل کے لیے لوگوں کو اپنے ساتھ ملاکر کام کریں ، نوجوانوں کو عوام کے ساتھ اور پبلک ایڈ کے ساتھ مل کر پانی کا مسئلہ حل کرانا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جے آئی یوتھ ضلع وسطی کے تحت کراچی یوتھ الیکشن میں شریک تمام پینلز کے اعزاز میں استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نےکہا کہ جماعت اسلامی ذاتی اور سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر کام کرتی ہے، ہم سیاست کو عبادت سمجھ کر کرتے ہیں کیونکہ یہ کام انبیاء علیہ السلام نے کیا ہے اور سیاست کا مقصدعوام کی خدمت اور ان کے معاملات اور مسائل کے حل میں دلچسپی لینا ہے اور ان کے معاملات درست کرکے اور مسائل حل کر کے عوامی خدمت کے کام کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ظلم کے نظام میں عوام کو انصاف فراہم نہیں ہوتا ، ہمارا کام اور ہماری سیاست ظلم کے نظام کو ختم کر کے اسلام کے عدل و انصاف کے نظام کو قائم کرنا ہے،اسلام کا عادلانہ اور منصفانہ نظام ہی عوام کے مسائل حل کرسکتا ہے،ہماری سیاست زندگی کے ہر شعبے میں عوام کی خدمت کرنا ہے ، ہم معاشرے اور نظام حکومت میں اصلاح چاہتے ہیں اور بدی کی قوتوں کے مقابلے میں خیر کی قوتوں کو ایک کرکے ایک اجتماعی جدوجہد کے ذریعے حقیقی تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔