طالبان نے افغان سکیورٹی فورسز کے 40اہلکاروں کو رہا کردیا
کابل(آن لائن)افغانستان میں جاری پرتشدد واقعات کے دوران طالبان نے افغانستان میں مزید 40سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو قید سے رہا کردیا۔طالبان کے قطر کے دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں 40 قیدیوں کی رہائی کی تصدیق کی۔انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ اسلامک امارات آف افغانستان نے آج دوپہر میں صوبہ قندوز میں کابل انتظامیہ کے 40فوجیوں کو رہا کردیا ہے۔سہیل شاہین نے کہا کہ اسلامی امارات قیدیوں کی رہائی کا عمل تیز تر کرنا چاہ رہا ہے تاکہ کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر قیدیوں کی جانوں کو بچایا جا سکے۔قیدیوں کی رہائی ایک ایسے موقع پر کی گئی ہے جب افغانستان میں پرتشدد واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور طالبان اور افغان حکومت ایک دوسرے پر پرتشدد واقعات میں اضافے کا الزام عائد کر رہے ہیں۔افغانستان کی نیشنل سیکیورٹی کونسل کے ترجمان جاوید فیصل نے کہا کہ شدت پسند امریکا سے کیے گئے معاہدے کے تحت امن کے قیام، شہریوں کی حفاظت اور پرتشدد واقعات میں کمی میں ناکام ہو گئے ہیں۔
طالبان