وزیر اعلیٰ ہاؤس سندھ میں صدر مملکت کی صدارت میں ہونیوالا اجلاس ملتوی
کراچی (آئی این پی)وزیر اعلیٰ ہاؤس سندھ میں صدر مملکت عارف علوی کی صدارت میں ہونے والا اہم اجلاس ملتوی کردیا گیا، پی ٹی آئی رہنماؤں نے اجلاس اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں بلانے کا مشورہ دے دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق سندھ اور وفاقی حکومت میں اختلافات کی خلیج کم نہ ہوسکی،18ویں ترمیم کے معاملے پر بیان بازی کا سلسلہ جاری تھا کہ پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے وزیر اعظم اور گورنر سندھ کو جاہل کہہ کر جلتی پر تیل کا کام کیا۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس ذرائع کے مطابق طے شدہ اجلاس ملتوی کرنے کیلئے ایوان صدر سے ایک خط موصول ہواجس میں دورہ ملتوی کرنے کی وجہ درج نہیں تھی۔ تاہم ذرائع نے بتایا ہے کہ نثار کھوڑو کے بیان کے بعد وزیراعظم عمران خان نے صدرمملکت عارف علوی کو وزیراعلی ہاؤس سندھ جانے سے منع کردیا۔نثار کھوڑو کے بیان کے حوالے سے پی ٹی آئی سندھ کی قیادت میں شدید غم و غصہ ہے اور انہوں نے صدر مملکت کو سٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں اجلاس بلانے کا مشورہ دیا ہے۔وزیر اعلیٰ ہاؤس میں میں جمعرات کو ساڑھے 11بجے اہم اجلاس ہونا تھا جس میں لاک ڈاؤن میں نرمی اور کاروباری سرگرمیاں شروع کرنے کے حوالے سے مشاورت ہونا تھی۔
اجلاس ملتوی