بھار ت کی پھر ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ، پا ک فوج کا جوان،2خواتین شہید

  بھار ت کی پھر ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ، پا ک فوج کا جوان،2خواتین شہید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت علاقائی امن کا دشمن بن گیا، بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول پر ایک مرتبہ پھر بلا اشتعال فائرنگ کی جس سے 2 خواتین شہید اور بچے سمیت 2 زخمی ہوگئے، دشمن سے لڑتے ہوئے پاک فوج کا ایک جوان بھی شہید ہو گیا۔بھارت شرانگیزی سے باز نہ آیا، لائن آف کنٹرول پر ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ کردی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی پر کیلر اور رکھ چکری سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی اور سول آبادی کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا، بھارتی فائرنگ اور گولہ باری سے کیرنی گاؤں کی 16 سالہ لڑکی اور 52 سالہ خاتون شہید ہو گئیں جبکہ 10 سالہ بچہ اور ایک خاتون زخمی ہوئیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے دشمن کی شرانگیزی پر موثر جواب دیتے ہوئے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا،جس سے بھارت کو بھی بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا، تاہم فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے لانس نائیک علی باز شہید ہو گئے، 34 سالہ شہید علی باز کا تعلق ضلع کرک سے تھا۔دوسری جانب پاکستان نے بھارتی ناظم الامورکو دفتر خارجہ طلب کر کے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیاہے۔ ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر شہریوں کو نشانہ بنا کر جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔ گزشتہ روز مختلف سیکٹرز میں بھارت کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس سے 2 خواتین شہری شہید اور 2 زخمی ہوگئے تھے، ایک سپاہی نے بھی جام شہادت نوش کیا۔ رواں سال اب تک بھارت نے 919 بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔ معاملے پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت ہندوتوا ایجنڈے پر کام کر رہا ہے۔ پورے ملک میں اقلیتوں کے ساتھ مناسب رویہ نہیں، بھارت میں کورونا کے پھیلاؤ کا ذمہ دار مسلمانوں کو ٹھہرا کر تشدد کیا جاتا ہے۔
بھارت فائرنگ

مزید :

صفحہ اول -