پشاور،گراں فروشی پر 26 افراد گرفتار

پشاور،گراں فروشی پر 26 افراد گرفتار

  

پشاور(سٹی رپورٹر)محکمہ خوراک نے گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 26 افراد کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری خوراک نثار احمد‘ ڈائریکٹر محکمہ خوراک خیبر پختونخوا زبیر خان کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر واجد علی اور سپروائزر شہریار خان نے پشتخرہ اور سواتی پھاٹک میں گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 10 افراد کو گرفتار کیا۔ اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر انگور شاہ اور فوڈ انسپکٹر محسن نثار نے بشیر آباد‘ ورسک روڈ اور حسن گڑھی میں سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر 16 افراد کو گرفتار کیا۔ گرفتار افراد میں سبزی و پھل فروش‘ دودھ فروش‘ قصائی‘ جنرل سٹور مالکان اور دیگر شامل ہیں۔ راشننگ کنٹرولر آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں گرانفروشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی اور گرانفروشی کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو معیاری اور مقررہ نرخ پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا اور مصنوعی بحران اور گرانفروشی پیدا کرنے والے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائیگا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -