سابق حکمرا ن ”سوال گندم جواب چنا“ کی پالیسی پر عمل پیرا رہے: فیاض الحسن چوہان

  سابق حکمرا ن ”سوال گندم جواب چنا“ کی پالیسی پر عمل پیرا رہے: فیاض الحسن ...

  

لاہور(این این آئی) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ آنے والا دور ریسرچ، ٹیکنالوجی اور سمارٹ گورننس کا دور ہے۔سابق حکمران ”سوال گندم جواب چنا“کی پالیسی پر عمل پیرا رہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ حکمرانی کے دقیانوسی طریقوں نے ملک کو تباہی کے دہانے تک پہنچا دیا تھا۔ جدید دور کی مشکلات کا حل نت نئے طریقوں سے ہی ممکن ہے، کرونا وائرس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے بزدار حکومت کے شروع کیے گئے،”رائز پنجاب“پروگرام اور کرونا کے حوالے سے ورکنگ گروپ کا قیام اس کی مثالیں ہیں۔سات جامع نکات پر مشتمل رائز پنجاب پروگرام سماجی تحفظ، سکول ایجوکیشن، گورننس، صحت کی کم از کم بنیادی سہولیات، کرونا کے بعد معاشی بحالی و استحکام، رِسک کمیونیکیشن اور رِسک فنانسنگ جیسے معاملات کا احاطہ کرتا ہے۔ رائز پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پرائیویٹ سیکٹر اور سرکاری ماہرین کی مشترکہ کاوش ہے۔ دوسری جانب کرونا کے طبی و معاشی اثرات کے جائزے اور موزوں پالیسی سازی کے لیے بنایا گیا ورکنگ گروپ بھی دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ ایک انتہائی اہم پیش رفت ہے۔

فیاض الحسن چوہان

مزید :

صفحہ اول -