کورو نا کا قوم کو مل کر مقابلہ کرنا ہو گا ایس او پیز پر عمل کریں،سلیم مانڈوی والا

  کورو نا کا قوم کو مل کر مقابلہ کرنا ہو گا ایس او پیز پر عمل کریں،سلیم مانڈوی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (این این آئی) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا و اراکین سینیٹ نے اپیل کی ہے کہ عوام کرو نا پر قابو پانے کے حوالے سے ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔ جمعرات کو ویڈیو لنک ذریعے ڈپٹی چئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کی صدارت میں غیر رسمی اجلاس ہوا جس میں کرو نا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال، عوام کو درپیش مسائل، ایوان بالا کے اجلاس اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں سینیٹر ز مشاہد حسین سید، فیصل جاوید، رخسانہ زبیری، عثمان کاکڑ، رانا مقبول، میاں عتیق شیخ، امام دین شوقین، سراج الحق، ولید اقبال، مہر تاج روغانی، حاصل بزنجو، لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ صلاح الدین ترمزی، پرویز رشید، ڈاکٹر آصف کرمانی، سکندر مندھرو، کلثوم پروین، ذیشان خانزادہ، غوث محمد نیازی، مولانا عبدالغفور حیدری اور ستارہ ایاز نے شرکت کی۔ ڈپٹی چیئر مین واراکین نے اپیل کی کہ عوام کرو نا پر قابو پانے کے حوالے سے ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔ سینیٹ اجلاس کے انعقاد کے حوالے سے ویڈیو کانفرنسنگ کی استعداد کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی چیئر مین سیلم مانڈوی والا نے کہاکہ موجودہ حالات کو سامنے رکھتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا ہو گا۔ اراکین نے کہاکہ قواعد وضوابط اور اس ویڈیو کانفرنس کی روشنی میں سینیٹ اجلاس بلانے کے لئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ کرو نا وبا کے باعث غیر معمولی صورت حال کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایوان بالا کا اجلاس ضروری ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تمام صورتحال پر سیر حاصل بحث ہونی چاہئے۔ ڈپٹی چیئر مین نے کہاکہ ٹھوس لائحہ عمل اختیار کرنے میں مدد ملے گی۔ اپوزیشن سینیٹر زنے کہاکہ اگر حکومت اجلاس نہیں بلاتی تو اپوزیشن کے پاس ریکوزیشن کے ذریعے بھی اجلا س طلب کرنے کا آپشن موجود ہے۔ ڈپٹی چیئر مین نے کہاکہ کرو نا وبا کا پوری قوم کو مل کر مقابلہ کرنا ہے،ایوان بالا اپنا موثر کردار ادا کرتا رہے گا۔اراکین نے اس ویڈیو کانفرنس کو انتہائی خوش آئند قرار دیا اور صحت کے شعبے کے عملے، ڈاکٹروں، نرسز، سیکیورٹی اہلکار وں، پی آئی اے کے پائلٹوں اور ان تمام اداروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا جو اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
سلیم مانڈوی والا

مزید :

صفحہ آخر -