زکریا یونیورسٹی: میڈیکل کالج و ہسپتال کیلئے فزیبلٹی رپورٹ تیار، وزیراعلٰی سے اجازت طلب
ملتان(سٹاف رپورٹر) بہاالدین زکریا یونیورسٹی نے میڈیکل کالج و ہسپتال کے قیام کے لئے فزیبلٹی رپورٹ تیار کرکے وزیر اعلیٰ پنجاب سے منظوری طلب کرلی۔معلوم ہوا ہے کہ بہاالدین زکریا یونیورسٹی نے خطے کی ضروریات اور طلباو طالبات کی سہولت کے لئے میڈیکل کالج و ہسپتال کے قیام کا منصوبہ بنالیا‘(بقیہ نمبر44صفحہ6پر)
ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ و ڈین فیکلٹی آف بزنس ایڈمنسٹریشن پروفیسر ڈاکٹر شوکت ملک نے منصوبہ کی فزیبلٹی رپورٹ تیار کرلی ہے اور بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے فزیبلٹی رپورٹ کی منظور ی دیتے ہوئے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کو مراسلہ بھیجا ہے جس میں خطہ جنوبی پنجاب میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے یونیورسٹی میں ایک میڈیکل کالج و ہسپتال بنانے کی منظور ی طلب کی ہے،مراسلہ میں لکھا گیا ہے کہ زکریایونیورسٹی 1975 میں قائم ہوئی اور اسکے تحت اس وقت 5 کالجز اور 45 مختلف ڈسپلنز کام کررہے ہیں، ملتان کی 5000 ملین آبادی کیلئے صحت کی سہولیات کم ہیں خاص طور پر کرونا 19 وبا کے دوران شدت سے احساس ہوا کہ یہاں صحت سہولیات کی کمی ہے اس لئے بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان نے اس خطہ کی صحت سہولیات میں بہتری کیلئے ایک میڈیکل کالج کے قیام کی فزیبلٹی تیار کی ہے جس کے تحت یہاں ابتدائی طور پر 3 سو بستروں پر مشتمل جدید ہسپتال معہ ہائی ٹیک لیبارٹری کا قیام عمل میں لایا جائے گا‘بعدازاں ہسپتال کو 5 سو بستروں تک بڑھایا جائیگا، اس ضمن میں ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ زکریا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شوکت ملک نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ یونیورسٹی میں میڈیکل کالج و ہسپتال کے قیام کی فزیبلٹی تیار کرلی گئی ہے‘ وزیراعلی کی جانب سے پرنسپل منظوری کے فوری بعد میڈیکل کالج اور ہائی ٹیک لیبارٹری قائم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں‘ یونیورسٹی کے پاس منصوبہ کے فوری آغاز کیلئے موزوں بلڈنگ اور ضروری وسائل موجود ہیں اور یہ اس خطے کی غریب عوام کیلئے ایک حقیقی خدمت ہوگی۔