حافظ نعیم الرحمن سے شہید کارکن جاوید کے اہلخانہ کی ملاقات

      حافظ نعیم الرحمن سے شہید کارکن جاوید کے اہلخانہ کی ملاقات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے امیرحافظ نعیم الرحمن سے ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی ضلع شمالی کے امیر محمد یوسف کی قیادت میں تیسر ٹاؤن کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے جماعت اسلامی کے کارکن جاوید کے قاتلوں کو گرفتار کرنے اور مقدمے کی تفتیش کرنے کے حوالے سے تبادلہئ خیال کیا گیا۔ وفد میں شہید جاوید کے بڑے بھائی محمد حنیف اور محمد سلیم جب کہ سماجی وسول سوسائٹی کے رہنما دیگر شامل تھے۔اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری و دیگر بھی موجو د تھے۔ وفد نے حافظ نعیم الرحمن کو بتایا کہ قتل میں ملوث مرکزی ملزم کی گرفتاری کو پندرہ روز گزر گئے ہیں لیکن ابھی تک اس سے تفتیش نہیں کی گئی اور نہ ہی اس کے ساتھ ملوث مزید دو ملزموں کو گرفتار کیا گیا، اگر مرکزی ملزم کا ریمانڈ لیا جائے تو مزید دوملزموں کو باآسانی گرفتار کیا جاسکتا ہے لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ درپردہ قاتلوں کی سرپرستی کی جارہی ہے۔ہم جماعت اسلامی سے اپیل کرتے ہیں کہ شہید جاوید کے اہلخانہ،لواحقین اور ورثاء کو انصاف دلانے کے لیے ہمارے ساتھ تعاون کریں۔ حافظ نعیم الرحمن نے وفد کا ادارہ نورحق آمد پر خیر مقدم کیا اور شہید جاوید کے بڑے بھائی محمد حنیف اور محمد سلیم کو یقین دہانی کرائی کہ جماعت اسلامی ورثاء کو انصاف دلانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی،قاتلوں کی سرپرستی قبول نہیں کی جائے گی۔قتل میں ملوث دیگر 2ملزموں کو بھی گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہید جاوید جماعت اسلامی کے کارکن تھے، جماعت اسلامی نے شروع دن سے ہی سرکاری محکموں پر زور دیا کہ قاتلوں کو گرفتار کیا جائے جس کے نتیجے میں ایک مرکزی ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی، ہم ہر طرح کی آئینی،جمہوری اورقانونی جدوجہد کرکے ورثاء کو انصاف دلائیں گے۔#

مزید :

صفحہ آخر -