کورونا وباء سے بچنے کے لئے آگاہی مہم مزید تیز کی جائے، راولپنڈی چیمبر  

  کورونا وباء سے بچنے کے لئے آگاہی مہم مزید تیز کی جائے، راولپنڈی چیمبر  

  

راولپنڈی (کامرس ڈیسک)راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر صبور ملک نے کہا ہے کہ کرونا وبا کے بڑھتے ہوئے کیسز تشویشناک ہیں، حکومت اور ضلعی انتظامیہ کرونا کے پھیلاو کو روکنے کے لیے آگاہی مہم تیز کرے، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جزوی لاک ڈاون میں غیر ضرور ی رش کو روکنے کے لیے ہر ایک کو انفرادی سطح پر کردار ادا کرنا ہو گا۔ پولیس اور سول انتظامیہ گشت بڑھائے نیز مساجد کے ذریعے بھی پیغام عام کیا جائے کہ حفاظتی اقدامات اور ایس او پیز پر عمل درآمد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ معلومات اور آگاہی کے لیے چیمبر تمام پلیٹ فارمز استعمال کر رہا ہے۔ ایک میڈیکل سروس ہیلپ لائن بھی شروع کی گئی ہے جس میں ممبران فون پر مستند ڈاکٹر سے مشورہ اور راہنمائی لے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دستیاب صحت عامہ کی سہولیات کے پیش نظر کرونا وبا سے نمٹنا ایک چیلنج سے کم نہیں۔ ہمیں ہر فورم پر کرونا وبا سے بچنے کے لیے آگاہی مہم مزید تیز کرنا ہوگی، سماجی دوری، ہاتھ دھونے اور دوسری احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا ہو گا۔

مزید :

کامرس -