پروگریسوگروپ کا حکومت سے چین سٹور ز کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ  

  پروگریسوگروپ کا حکومت سے چین سٹور ز کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ  

  

  

لاہور(کامرس ڈیسک) لاہور ایوان صنعت و تجارت کے ممبرز پر مشتمل پروگریسو گروپ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا ء کی وجہ سے لاک ڈاؤن کا شکار چین سٹورز کی معاشی بحالی کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ ان سٹورز کی بندش سے ان سے بل واسطہ اور بلا واسطہ جڑے ہوئے کارکنان ہی بیروزگار نہیں ہونگے بلکہ حکومت بھی امپورٹ ڈیوٹی، سیلز ٹیکس اور دوسرے ٹیکسوں کی مد میں بھاری رقوم سے محروم ہو جائے گی۔پروگریسو گروپ کے صدر اور لاہور ایوان صنعت وتجارت کے ایگزیکٹو ممبر خالد عثمان اور ڈپٹی سیکرٹری محمد اعجاز تنویر نے کہا کہ چین سٹورز نے رمضان اور عید کے لئے اپنے آرڈر جاری کر دئے تھے لیکن اب لاک ڈاؤن کی مدت میں اضافہ کی وجہ سے وہ ان آرڈرز کو کینسل کررہے ہیں جبکہ وہ اپنے مستقبل کے بارے میں بھی شش و پنج کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کے چین سٹورز کی جانب سے کرایہ پر لی گئی جگہوں کو خالی کرنے اور سٹورز کو بند کرنے سے مہنگائی اور بیروزگاری کی ایک نئی لہر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی لوگ اتنے عرصہ سے جاری لاک ڈاؤن کی وجہ سے پریشان ہیں۔ ان سٹورز کے ساتھ جڑی درآمد کنندگان کمپنیا ں بھی زوال کا شکار ہو جائیں گی اور شاید وہاں بھی لوگوں کو نکالنے کی نوبت آجائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت جلد از جلد ان سٹورز کے لئے پیکج کا اعلان کرے اور ان کے مطالبات تسلیم کرکے معاشرے میں فروغ پانے والے ایک مثبت ٹرینڈ کو ختم ہونے سے بچا لے۔

مزید :

کامرس -