سندھ کو فراہم کی گئی، ٹیسٹ کٹس کو حکومت نہیں طبی ماہرین نے غیر معیار ی قرار دیا: ناصر حسین 

سندھ کو فراہم کی گئی، ٹیسٹ کٹس کو حکومت نہیں طبی ماہرین نے غیر معیار ی قرار ...

  

کراچی(سٹاف رپورٹر،این این آئی)صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہاہے کہ سندھ کو فراہم کی گئیں ٹیسٹ کٹس کو سندھ حکومت نے غیر معیاری قرار نہیں دیا تھا بلکہ طبی ماہرین نے دیا تھا۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو اپنے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہی۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ڈاکٹر ز کے مطابق یہ کٹس مستند نتائج نہیں دے رہی تھیں کیونکہ اگر رزلٹ ہی ٹھیک نہیں ہوگا تو علاج کس طرح صحیح ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں سندھ حکومت کا کوئی کردار نہیں ہے۔  اس کے باوجود ہمیں یہ کہا گیا کہ ہم پوائنٹ اسکورنگ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہی غیر معیاری کٹس پنجاب میں استعمال کی گئیں اسی وجہ سے ہمیں پنجاب میں کیے گئے ٹیسٹس پر تحفظات ہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شروع ہی سے معاملہ یہ ہے کہ ہمارے ہر اچھے کام پر بھی تنقید کی جا رہی ہے اور بعد میں ہر صوبے نے اس کی پیروی کی ہے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم سب کے ساتھ مل کر چلیں کیونکہ اس وباء سے چھٹکارا اسی وقت ممکن ہے جب سب لوگ مل کر ایک قوم بن کر اس کامقابلہ کریں اور عالمی معیار کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔  صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ سندھ حکومت کو سب سے پہلے اپنے عوام کی جان اور صحت عزیز ہے۔

ناصر حسین

مزید :

صفحہ آخر -