پاکستان میں کورونا کی وجہ سے ایک دن کی سب سے زیادہ ہلاکتیں ریکارڈ

پاکستان میں کورونا کی وجہ سے ایک دن کی سب سے زیادہ ہلاکتیں ریکارڈ
پاکستان میں کورونا کی وجہ سے ایک دن کی سب سے زیادہ ہلاکتیں ریکارڈ

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان میں کورونا وائرس  کی وجہ سے ایک دن میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ریکارڈ ہوئی ہیں۔ جمعہ کے روز پاکستان میں کورونا کی وجہ سے 21 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جو اب تک ایک دن میں ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس کے 794کیسز سامنے آئے ہیں جس کی وجہ سے کیسز کی مجموعی تعداد17 ہزار 611ہوگئی ہے۔ ایک دن کے دوران پاکستان میں کورونا کے  سبب 21 افراد جان کی بازی ہارے ہیں جس کی وجہ سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد406 ہوگئی ہے۔ پاکستان میں 4 ہزار 351افراد اب تک کورونا کی وبا سے صحتیاب ہوچکے ہیں ۔  حکومت کی جانب سے کورونا کی تشخیص کیلئے ٹیسٹوں کی رفتار میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے ، ایک دن کے دوران پاکستان بھر میں 7 ہزار971 لوگوں کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جس کے بعد پاکستان میں اب تک ہونے والے ٹیسٹوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ82 ہزار131 ہوگئی ہے۔

صوبوں کی صورتحال

پاکستان میں کورونا کے کیسز میں سندھ نے پنجاب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ سندھ میں کورونا کے مثبت کیسز کی تعداد 6 ہزار 675 ہوگئی ہے جبکہ پنجاب میں کورونا کے 6 ہزار 340 کیسز سامنے آئے ہیں۔ ۔ خیبر پختونخوا میں کورونا کے 2 ہزار 799، بلوچستان میں ایک ہزار 49 ، گلگت بلتستان میں 339 ،  اسلام آباد میں 343  اور آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے 66 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

عالمی صورتحال

کورونا کی وبا اب تک دنیا کے ہر کونے تک پھیل چکی ہے ، کوئی ملک ایسا نہیں جو اس وبا سے محفوظ رہا ہو۔ دنیا بھر میں اب تک کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد  33  لاکھ 37ہزار 479ہوچکی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ   35   ہزار 274ہوچکی ہے۔ اب تک دنیا بھر میں10 لاکھ  54ہزار 833افراد کورونا کی وبا سے جان چھڑانے میں کامیاب رہے ہیں۔

سب سے متاثرہ ممالک

دنیا میں کورونا کی وبا سے سب سے زیادہ متاثر امریکہ ہوا ہے جہاں 11لاکھ  ایک ہزار 124  افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ سپین میں 2 لاکھ 39 ہزار 639 ، اٹلی میں 2 لاکھ 5 ہزار 463، برطانیہ میں ایک لاکھ 71  ہزار 253،   فرانس میں ایک لاکھ 67  ہزار178 ، جرمنی میں ایک لاکھ 63  ہزار331، ترکی میں ایک لاکھ 20 ہزار 204، روس میں ایک لاکھ  14  ہزار 431   اور ایران میں 95  ہزار 646  افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

سب سے زیادہ ہلاکتیں

کورونا کی وجہ سے سب سے زیادہ ہلاکتیں بھی امریکہ میں ہوئی ہیں جہاں اس وبا کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد  64ہزار 46تک پہنچ گئی ہے۔ اٹلی میں کورونا کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 27 ہزار967،  برطانیہ میں 26 ہزار 771، سپین میں 24 ہزار 824، فرانس میں 24 ہزار 376 افراد کورونا کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -