الخدمت فاؤنڈیشن نے ملک بھر میں یوم یتامیٰ جو ش وجذبے سے منایا

    الخدمت فاؤنڈیشن نے ملک بھر میں یوم یتامیٰ جو ش وجذبے سے منایا

  

لاہور(پ ر)دیگر مسلم ممالک کی طرح پاکستان میں بھی ”یوم یتامیٰ“سماجی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ یتیم بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے سرگرم اداروں پر مشتمل پاکستان آرفن کئیر فورم کے تحت ملک بھر میں یوم یتامیٰ کی مناسبت سے ملک بھر میں یتیم بچوں کے لئے افطار ڈنرز سمیت دیگر تقریبات کا انعقادکیا گیا۔ایسی ہی ایک  تقریب گورنر ہاؤس لاہور میں بھی منعقد کی گئی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور تھے۔ اس کے علاوہ پاکستان آرفن کیئر فورم لاہور کے صدر انجینئر احمد حماد رشید، الخدمت وسطی پنجاب کے صدر اکرام الحق سبحانی، باہمت یتیم بچوں اور ان کی ماؤں نے بھی خصوصی شرکت کی، میزبانی کے فرائض شعیب احمد ہاشمی نے سرانجام دیئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر احمد حماد رشیدنے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد یتیم بچوں کی فلاح و بہبود اور کفالت کی اہمیت اوربحیثیت قوم ہماری ذمہ داریوں کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔پاکستان آرفن ز کیئر فورم کا مشن ہے کہ وطن عزیز میں کوئی بھی یتیم بے سہارا نہ رہے۔ پاکستان آرفن کیئر فورم کے تحت ہر سال اس دن کی مناسبت سے پاکستان بھر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے لیکن اس سال کورونا کی موجودہ صورت حال کے پیشِ نظرمحدودپیمانے پر تقریبات کے ساتھ ساتھ الیکٹرانک، پرنٹ میڈیا سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر یتیم بچوں سے اظہار یکجہتی کے لئے بھرپور مہم چلائی گئی ہے۔

۔گورنر پنجاب نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بچے ملک و قوم کا سرمایہ اور ہماری ذمہ داری ہیں۔ ان کی تعلیم و تربیت اوردیگر ضروریات کا خیال رکھنا ہمارامذہبی اور قومی فریضہ ہے۔یتامیٰ کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لئے پاکستان آرفن کیئر فورم کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔واضح رہے کہ اسلامی ممالک کی تنظیم”او آئی سی کے تحت ہر سال 15رمضان المبارک کو یتیم بچوں کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ ”پاکستان آرفن کئیر فورم“ نے پاکستان میں جہاں پبلک فورمز پر اس دن کو منانے کا کاآغاز کیا وہیں حکومت سے بھی درخواست کی کہ وہ اوآئی سی کی پیروی کرتے ہوئے 15رمضان کو یتیموں کا عالمی دن قرار دے۔پاکستان آرفن کیئر فورم کی انہی کاوشوں کے نتیجے میں سینٹ اورقومی اسمبلی نے متفقہ قرار دادوں کے ذریعے اس دن کو قومی دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -