کورونا سے مزید 131اموات، لاہور میں آج اور کل مکمل لا ک ڈاؤن، ملک میں وائرس کی جنوبی افریقی، برازیلی قسم کی تصدیق
لاہو ر،اسلام آباد، کراچی(جنرل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) کورونا وائرس سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 131 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔این سی او سی کی جانب سے جاری اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 112 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ ایک ہزار 114، سندھ میں 2 لاکھ 82 ہزار 445، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 17 ہزار 557، بلوچستان میں 22 ہزار 278، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 305، اسلام آباد میں 75 ہزار 67 جبکہ آزاد کشمیر میں 17 ہزار 57 کیسز رپورٹ ہوئے۔ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 17 لاکھ 88 ہزار 127 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 49 ہزار 099 نئے ٹیسٹ کئے گئے جبکہ 5 ہزار 360 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔دوسری جانب لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے کورونا کا پھیلاؤ روکنے شہر بھر کو دو روز کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ آج بروز ہفتہ اور کل اتوار کوتمام کاروباری سرگرمیاں بند رہیں گی۔کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے ٹوئٹر کے ذریعے بتایا کہ ہفتہ اور اتوار کو تمام کاروبار اور مارکیٹیں مکمل بند رہیں گی۔ صرف میڈیکل سٹور، پٹرول پمپس، ویکسی نیشن سینٹرز، دودھ دہی، گوشت اور سبزی کی دکانیں کھلی رہیں گی۔کمشنر لاہور نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں لیے جانے والے سخت فیصلوں کو کامیاب بنانے میں ہمارا ساتھ دیں۔علاوہ ازیں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے ایک رپورٹ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں ساؤتھ افریقہ اور برازیل میں پائے جانیوالے کورونا وائرس کے نمونے ملے ہیں۔بی بی سی کے مطابق انہوں نے کہا کہ گزشہ روز آغا خان یونیورسٹی میں 13 نمونوں کا جائزہ لیا گیا ہے جن میں 10 میں وائرس کی برطانوی قسم، دو میں جنوبی افریقی جبکہ ایک میں برازیلی قسم کی تصدیق ہوئی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایک تشویشناک بات ہے اور یہ صحت کے نظام پر بہت زیادہ دباؤ ڈال سکتا ہے کیونکہ وائرس کی برطانوی قسم بہت تیزی سے پھیلتی ہے اور اس کی 60 فیصد پھیلاؤ کی شرح اور اس کے باعث شرح اموات تقریباً 68 فیصد ہے۔انہوں نے کہا کہ وائرس کی برازیلی اور جنوبی افریقی قسم کے باعث اموات کی شرح بھی زیادہ ہے اور ان پر ویکسین کا اثر بھی کچھ خاص نہیں ہے، یعنی ویکسی نیشن کے باوجود اگر آپ کو وائرس کی برازیلی اور جنوبی افریقی قسم متاثر کرتی ہے تو آپ بہت زیادہ بیمار ہو سکتے ہیں۔
غیرملکی کوروناوائرس