ہار تب تسلیم کریں گے جب ہرایا تو جائے، شہر کا شکار آسان نہیں رہا، مریم، الیکشن کمیشن انصاف کے تقاضے پورے کرے: شہباز شریف 

  ہار تب تسلیم کریں گے جب ہرایا تو جائے، شہر کا شکار آسان نہیں رہا، مریم، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)ہار تب تسلیم کرے گی جب اس کو ہرایا تو جائے،شیر کا شکار کرنا آسان نہیں رہا،شیر کو ہرانے کے لیے جو ہتھکنڈے آپ نے آزمائے ان کی داستان بھی سامنے آنے والی ہے انتظار فرمائیے اور یاد رکھیے۔ ٹوئٹر بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) انشا اللہ اپنا اور این اے249کے عوام کا حق واپس لے کے رہے گی،انتخاب میں شکست اگر عوام کے فیصلے کی وجہ سے ہوگی تو سرِ تسلیم خم ہوگامگر بکسہ چوری اور دھاندلی سے ہونے والے ہر فیصلے کا آخر تک مقابلہ کیا جائے گا۔دوسری جانب شہباز شریف نے این اے 249 کے عوام کا شکریہ اور مفتاح اسماعیل کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مفتاح اسماعیل کی جیت اور ان کے ووٹوں کی برتری کیسے کم ہوئی، پورے پاکستان نے دیکھا، پورا یقین ہے الیکشن کمیشن انصاف اور شفافیت کے تقاضے پورے کرے گا۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ مفتاح اسماعیل نے جس طرح دن رات کام کیا، اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اللہ تعالی پر بھروسے اور قومی و عوامی جذبے سے آگے بڑھتے رہیں گے، این اے 249 میں مسائل کے خاتمے کے لئے اپنی آواز اٹھاتے رہیں گے، تمام پارٹی عہدیداروں بالخصوص کراچی کی ٹیم کو بھی شاباش دیتا ہوں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے شیروں نے میدان میں ڈٹ کر جس طرح مقابلہ کیا، ان سب کارکنان اور پارٹی عہدیداروں کو سلام پیش کرتا ہوں، جمعیت علمائے اسلام (ف) اور اے این پی کی طرف سے حمایت پر ان کے قائدین، کارکنوں، ووٹرز اور سپورٹرز کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں۔مسلم لیگ (ن)کے صدر نے ارکان پارلیمان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشی بربادی، عوامی بدحالی، مہنگائی اور بے روزگاری دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک کلو چینی خریدنے کے لئے قطاروں میں کھڑی ماوں بہنوں کو دیکھ کر افسوس سے سر جھک جاتا ہے،افسردہ ہوں کہ جو حکومت قوم کو آٹا چینی فراہم نہیں کرسکتی، وہ اسے کورونا کی ہلاکت خیزی سے کیسے بچائے گی؟۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں اس نوعیت کی افراتفری پہلے نہیں دیکھی،رمضان بازاروں میں اشیاکی قیمتیں اور معیار سے متعلق اطلاعات وشکایات افسوسناک ہے۔ 
 
مریم،شہباز شریف


لندن(آن لائن) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن جیت رہی تھی، اچانک ڈسکہ کی طرح نتائج کئی گھنٹے روک کر ہرا دیا گیا، مفتاح اسماعیل کو حقیقی کامیابی پر مبارکباد، ہم نے ماضی میں بھی کراچی کی روشنیاں اور امن بحال کیا، آئندہ بھی کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے این اے249 میں شکست کو دھاندلی قرار دیتے ہوئے اپنے ردعمل میں کہا کہ کراچی کے عوام کی محبت پر اللہ تعالی کا شکر گزار ہوں۔مفتاح اسماعیل کو حقیقی کامیابی پر مبارکباد۔ ووٹ کو عزت دو کے بیانیے کے ساتھ کھڑا رہنے پر عوام کو خراج تحسین۔ 
نوازشریف

مزید :

صفحہ اول -