ڈسکہ الیکشن میں چیخیں سننے والوں کو کراچی میں کچھ سنائی نہیں دیا: فردوس

    ڈسکہ الیکشن میں چیخیں سننے والوں کو کراچی میں کچھ سنائی نہیں دیا: فردوس

  

 لاہور(جنرل رپورٹر)معاون خصوصی اطلاعات  پنجاب فردوس عاشق نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے زرعی شعبے میں انقلابی اقدام اٹھاتے ہوئے ملتان میں کسان کارڈ کا اجراء کر دیاہے۔ وزیراعظم کے وژن کے مطابق پنجاب میں ڈیجیٹل خواندگی بڑھانے کے ساتھ کسانوں کی کیش ٹرانسفر کی صورت میں مالی معاونت فراہم کی جارہی ہے۔این اے 249 کراچی کے ضمنی الیکشن نے صاف اور شفاف انتخابات منعقد کرانے کے ذمہ دار ادارے پر کئی سوالیہ نشان کھڑے کر دئیے ہیں۔الیکشن نتائج میں اس قدر تاخیر پر نہ تو میڈیا نے سوال اٹھایا اور نہ ہی الیکشن کمیشن نے کوئی معقول وجہ بیان کی۔کراچی الیکشن میں پیپلزپارٹی کی حکومت نے سرکاری وسائل کا بے دریغ اور بے دردی سے استعمال کیا۔ درحقیقت پیپلزپارٹی نے کراچی میں جمہوریت کو کفن پہناکر صندوق میں دفن کردیا۔ ان خیالات کا اظہار فردوس عاشق نے صوبائی وزیر زراعت حسین جہانیاں گردیزی کے ہمراہ ڈی جی پی آر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔فردوس عاشق نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت نے ملک کی تاریخ میں پہلی بار کاشتکاروں کے لیے کسان کارڈ کا اجراء کیا ہے۔کاشتکار کسان کارڈ کے ذریعے اے ٹی ایم سے براہ راست سبسڈی کی رقم حاصل کر کے بروقت کھاد، بیج اور زرعت سے متعلقہ چیزیں خرید سکیں گے۔کسان کارڈ کے ذریعے 10لاکھ کاشتکار گھرانوں کو سالانہ اربوں روپے کی سبسڈی فراہم کی جائے گی۔وزیر اعظم عمران خان زرعی اصلاحات کے علمبردار ہیں،پی ٹی آئی نے اپنے منشور میں زرعی اصلاحات کا واضح روڈ میپ دیا اور اب اقتدار میں آکر وزیر اعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار زرعی اصلاحات کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں۔ہم ڈنگ ٹپاؤ پالیسی نہیں بلکہ جدید زراعت کے حوالے سے طویل المدتی پالیسی لیکر آئے ہیں۔ہم بہترین منصوبہ بندی سے ملک کو زرعی اجناس کے حوالے سے خود کفیل کرنے جا رہے ہیں،اب زرعی ملک پاکستان زرعی اجناس درآمد نہیں بلکہ برآمد کرے گا۔میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے فردوس نے کہاکہ ڈسکہ الیکشن میں چیخیں سننے والوں کو کراچی الیکشن میں کچھ سنائی نہیں دیا۔صرف چالیس ہزار ووٹوں کی گنتی کرتے ہوئے صبح کے 6بج گئے،جو میڈیاکے نمائندے ڈسکہ الیکشن پر لوٹ پوٹ ہورہے تھے وہ اب کراچی الیکشن کے حوالے سے بھی کچھ کہیں نا۔انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ انتخابی اصلاحات کی جائیں۔اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ انتخابی اصلاحات میں حکومت کا ساتھ دے تاکہ الیکشن پراسیس کو صاف و شفاف بنایاجاسکے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کو اپنا گھر درست کرنے کی ضرورت ہے۔ہم نے نہ کبھی اپنی غلطی چھپائی ہے، نہ چھپائیں گے۔فردوس نے کہاکہ جب تک ہر شہری سپاہی بن کر کورونا کی جنگ میں نہیں نکلے گا، اکیلا کمانڈر کچھ نہیں کرسکتا۔جہاں ایس او پیز کی خلاف ورزی ہو رہی ہے وہاں قانون حرکت میں آئے گا۔عوام افواج پاکستان اور حکومت کے صبر کاامتحان نہ لے۔

فردوس عاشق

مزید :

صفحہ اول -