معیشت ٹھیک کرنے کے دعویدار عوام کو وینٹی لیٹر پر لے گئے: سراج الحق 

معیشت ٹھیک کرنے کے دعویدار عوام کو وینٹی لیٹر پر لے گئے: سراج الحق 

  

لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے وفد کے ساتھ سجادہ نشین آستانہ عالیہ گڑھی شریف خواجہ غلام قطب الدین فریدی کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔ وفد میں فرید احمد پراچہ، پروفیسر ابراہیم، آصف لقمان قاضی شامل تھے، جبکہ دوسری طرف صاحبزادہ غلام نصیرالدین ولی عہد گڑھی شریف سمیت دیگر علماء و مشائخ بھی موجود تھے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت کو عوامی مشکلات کا ادراک نہیں، معیشت ٹھیک کرنے کے دعویدار عوام کو وینٹی لیٹر پر لے گئے ہیں۔ جبکہ خواجہ غلام قطلب الدین فریدی نے گفتگو کے دوران کہا کہ علماء و مشائخ نے حالیہ دھرنے کے دوران ذمہ داری کا مظاہرہ کرکے ملک کو ایک بحران سے بچایا لیکن اس کے فوری بعد شعیب سڈل کمیشن کی سفارشات نے اہل ایمان کے رونگٹھے کھڑے کردئیے اس پر ریاست مدینہ کے دعویداروں کی طرف سے سخت ایکشن لیا جانا ابھی تک سامنے نہیں آیا جس پر اہل سنت کو تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایف اے ٹی ایف کے سامنے گھٹنے ٹیک دئیے ہیں لیکن دینی حلقے ایف اے ٹی ایف کی من مانیاں یہاں نہیں چلنے دیں گے۔ سراج الحق نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین سمیت دنیا بھر میں مسلمان آزمائشوں میں مبتلا ہیں، ان کے حق آزادی کیلئے بھرپور آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے۔عالمی ضمیر اسرائیلی قبضہ پر خاموش تماشائی بنا ہوا ہے جبکہ کشمیر میں لاکھوں مسلمانوں کی زندگیوں کو بھارتی قابض فورسز نے اجیرن بنا رکھا ہے۔ انھوں نے قوم سے اپیل کی کہ کشمیری مسلمانوں کی آزادی کیلئے اس ماہ مبارک میں خصوصی دعا کی جائے۔امیر جماعت کا کہنا تھا کہ اس وقت امت مسلمہ ایک تلخ دور سے گزر رہی ہے۔یورپی یونین کی توہین رسالت قانون ختم کرنے کی قرارداد قابل مذمت ہے۔اسلامی ممالک کو توہین رسالت کے حوالے سے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے لیکن اسلامی ممالک کی ترجیحات میں ناموس رسالتؐ کا مسئلہ شامل نہیں۔

 سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -