این اے249 میں شکست، پی ٹی آئی نے ملبہ الیکشن کمیشن پر ڈال دیا
کراچی (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے این اے 249 کے ضمنی الیکشن کے نتائج کو مسترد کردیا ہے۔ خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ دو نمبری سے الیکشن کرانے ہیں تو سیاسی جماعتوں کو لڑنے کی ضرورت ہی نہیں ہے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے این اے 249 کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کی جیت پر سوالات اٹھائے اور کہا کہ پورا بلدیہ حیران اورپریشان ہے کہ پیپلزپارٹی کیسے جیت گئی؟، پی پی کی جیت ایسے ہے جیسے بلدیہ میں دودھ کی نہریں بہہ رہی ہوں، تین دن پہلے ہونیوالے سروے میں بھی پیپلزپارٹی کہیں نہیں تھی، کسی سروے کمپنی نے بھی پیپلزپارٹی کو پانچواں نمبرسے اوپر نہیں دیاتھا۔خرم شیر زمان نے این اے 249 کے ضمنی الیکشن کو پری پلانٹڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پہلے سے طے شدہ تھا کہ کسے اوپر لانا ہے اورکسے نیچے؟پیپلزپارٹی کی کامیابی نے ثابت کردیا کہ یہ دھاندلی تھی،پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی نے الیکشن کمیشن پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نااہل ہے جو شفاف الیکشن کرانے میں ناکام رہا،یہ الیکشن ہمیں کسی بھی طورپر قابل قبول نہیں ہے۔
خرم شیر زمان