آوارہ کتوں کو کنٹرول کرنے یلئے آن لائن تربیتی سیشن کا انعقاد 

آوارہ کتوں کو کنٹرول کرنے یلئے آن لائن تربیتی سیشن کا انعقاد 

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب محترمہ ارم بخاری اور سیکرٹری لائیوسٹاک پنجاب اسد رحمان گیلانی کی خصوصی ہدایات پر محکمہ لائیوسٹاک پنجاب نے پنجاب بھر میں آوارہ کتوں کی آبادی کو کنٹرول کرنے اور باؤلا پن کے تدارک باریاقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔اسی سلسلہ میں محکمہ لائیو سٹاک کے تحت یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور میں ایک آن لائن تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔اس تربیتی سیشن میں محکمہ لوکل گورنمنٹ، محکمہ لائیوسٹاک، جانوروں کی بہبود بارے قائم نجی این جی اوز اور ویٹرنری یونیورسٹی کے ماہرین شریک ہوئے۔ اس تربیتی سیشن کا مقصد شرکاء  کو ڈاگ پاپولیشن کنٹرول بارے آگاہی اور تربیت فراہم کرنا تھا۔تربیتی سیشن کے دوران ویٹرنری یونیورسٹی لاہور کے ماہرین نے شرکاء کو بین الاقوامی سطح پر رائج ٹی این وی آر ماڈل بارے آگاہی فراہم کی۔ ٹی این وی آر ماڈل کے تحت آوارہ کتوں کو چار مراحل سے گزارا جاتا ہے جن میں سب سے پہلے کتوں کو پکڑنا، پھر نر کتوں کو نیوٹر یعنی خصی کرنا، نر یا مادہ دونوں کو باؤلا پن سے بچاؤ کی ویکسین لگانا اور چھوڑ دینا شامل ہیں۔ اس طریقہ کار سے کتوں کو بے رحمی سے مار دینے کی روایت کی حوصلہ شکنی ہوگی۔

 اور نہ صرف کتوں کی آبادی میں کمی آئیگی بلکہ باؤلا پن کا تدارک بھی ممکن ہے۔ ماہرین کے مطابق باولاپن ایک موذی مرض ہے جو کتے کے کاٹنے سے پھیلتاہے۔ عالمی سطح پر ننانوے فیصد باؤلاپن کتے کے کاٹنے کی وجہ سے ہوتا ہے۔ آن لائن سیشن کے دوران ویٹرنری یونیورسٹی کے ماہرین نے شرکاء کو آوارہ کتوں کو پکڑنے، ان سے خود کو بچانے اوردیگر امور بارے آگاہی فراہم کی۔ ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل) ڈاکٹر اقبال شاہد کا کہنا تھا کہ ٹی این وی آر کا طریقہ کار ادارہ خوراک و زراعت اور عالمی ادارہ صحت سمیت دیگر بین الاقوامی ایجنسیوں سے سند یافتہ ہے۔ انہوں نے اس موقع پر سیکرٹری لائیوسٹاک کی خصوصی ہدایات کے مطابق تمام اداروں کے تعاون سے پنجاب کو باؤلا پن سے پاک کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ لائیوسٹاک پنجاب پہلے ہی اس سلسلہ میں ورکنگ پلان جاری کرچکا ہے جس کے تحت تمام اضلاع کے ضلعی ہسپتالوں میں خصوصی شعبہ مختص کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک آوارہ کتوں کی ویکسی نیشن، سرجری اور شناختی کالر لگانے جبکہ لوکل گورنمنٹ کا عملہ آوارہ کتوں کو پکڑنے اور ہسپتال لانے کا ذمہ دار ہوگا۔ ادارہ انسداد بے رحمی حیوانات پنجاب اور نجی این جی اوز اس سارے منصوبے میں تعاون فراہم کریں گے۔ سپیشل سیکرٹری لوگل گورنمنٹ ظہور حسین نے محکمہ لائیو سٹاک اور ویٹرنری یونیورسٹی کی کوششوں کو سراہا اور باہمی تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ اس تربیتی سیشن میں صوبہ پنجاب سے لوکل گورنمنٹ کے میونسپل آفیسرز، محکمہ لائیوسٹاک کے ایڈیشنل ڈائریکٹرز سمیت نجی این جی اوز کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔

مزید :

کامرس -