این اے 249 ضمنی انتخاب ،الیکشن کمیشن نے مفتاح اسماعیل کی درخواست سماعت کیلئے منظور کر لی ، انتخابی نتائج روک دیئے 

این اے 249 ضمنی انتخاب ،الیکشن کمیشن نے مفتاح اسماعیل کی درخواست سماعت کیلئے ...
این اے 249 ضمنی انتخاب ،الیکشن کمیشن نے مفتاح اسماعیل کی درخواست سماعت کیلئے منظور کر لی ، انتخابی نتائج روک دیئے 

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )الیکشن کمیشن نے کراچی کے حلقہ این اے 249 میں ن لیگی امیدوار مفتاح اسماعیل کی دوبارہ گنتی کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے انتخابی نتائج جاری کرنے سے روک دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے این اے 249 کے انتخابی نتائج روکنے کا حکم دیتے ہوئے حکم امتناع جاری کر دیاہے ، مفتاح اسماعیل کی درخواست پر سماعت 4 مئی کو ہو گی اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے تمام امیدواروں کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں ۔الیکشن کمیشن کا کہناتھا کہ دوبارہ گنتی کی درخواست پر فیصلے کے بعد ہی ضمنی انتخاب کے نتائج جاری کیئے جائیں گے ۔

یاد رہے کہ این اے 249مفتاح اسماعیل نے چیف الیکشن کمشنر کے نام خط لکھا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ہمیں 30 سے زائد پولنگ اسٹیشنز سے رزلٹ موصول نہیں ہوئے اور کئی فارم 45 پر دستخط نہیں تھے جب کہ ہمیں بعض پریزائیڈنگ افسران کے رویے پر شدید تحفظات ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ آر او قانون پر عمل کرتے ہوئےاس کم فرق کے باوجود دوبارہ گنتی کی ہدایت نہیں دے رہا، ہمارےپاس فارم45 پر ووٹوں کی گنتی آر اوکی جانب سے دیے گئے فارمز سے مختلف ہے اور ہمیں آر او کی جانب سے فارم 45 فراہم نہیں کیے گئے، ہمیں آر او نے پولنگ اسٹیشن کے حساب سے رزلٹ سمری فراہم نہیں کی۔

مفتاح اسماعیل نے خط میں مزید کہا کہ ہم نے آر او سے واٹس ایپ نتائج کی وصولی کے وقت کی رسید مانگی جو نہیں دی گئی، آر او نے ہماری ساری درخواستیں مسترد کرکے واضح جانبداری کا مظاہرہ کیا ہے، آدھے سے زیادہ فارم 45 پر آر او نے دستخط نہیں کیے۔لیگی رہنما نے مطالبہ کیا کہ نتائج کو حتمی شکل دینے سے روکا جائے اور این اے 249 کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ گنتی کرائی جائے۔الیکشن کمیشن نے مفتاح اسماعیل کی دوبارہ گنتی کی درخواست کو منظوr کرتے ہوئے اسے 4 مئی کو سماعت کے لیے مقرر کیا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 249 کے ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کے امیدوار قادر خان مندوخیل 16156 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے اور (ن) لیگ کے مفتاح اسماعیل 15473 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے، اس طرح مفتاح اسماعیل اور قادر مندوخیل کے ووٹوں میں 683 ووٹوں کا فرق ہے۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -