خطے میں مستقبل قیام امن کیلئے عالمی برادری کوکیا کرنا ہو گا ؟ شاہ محمود قریشی نے کھل کر وضاحت کردی

خطے میں مستقبل قیام امن کیلئے عالمی برادری کوکیا کرنا ہو گا ؟ شاہ محمود قریشی ...
خطے میں مستقبل قیام امن کیلئے عالمی برادری کوکیا کرنا ہو گا ؟ شاہ محمود قریشی نے کھل کر وضاحت کردی

  

ملتان(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن کےلئے دوحہ میں مذاکرات جاری ہیں ،خطے میں مستقبل قیام امن کیلئے عالمی برادری کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا،پاکستان افغان امن سمیت خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنی مصالحانہ کاوشیں جاری رکھے گا،کشمیر کا مسئلہ ایک خطے کا نہیں ،ایک عالمی مسئلہ جسے اقوام متحدہ کی قرارداد وں کے مطابق حل کرنا ہوگا، پاکستان نے کشمیر کے مسئلہ کو ہر عالمی فورم پر بلند کیا اور مستقبل میں بھی کرتا رہےگا۔

 ملتان میں مختلف مقامات پرتقریبات سے خطاب اور وفود سے ملاقات کرتے ہوئے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کروناو باءنے دنیا کی مضبوط اور طاقتور معیشتوں کو بری طرح متاثر کیا ہے،پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کے لئے ان مضمرات کامقابلہ کرنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے،ہم نے اس صورتحال میں اپنی خصوصی توجہ جغرافیائی معاشی ترجیحات پر مرکوز کی ہوئی ہے،کورونا چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمارا فوکس معاشی سفارت کاری کو بروئے کار لاتے ہوئے اقتصادی تعاون کا فروغ اور علاقائی روابط میں اضافہ کرناہے،میں نے دنیا بھر میں موجود سفارت خانوں کو ہدایت جاری کی ہیں کہ پاکستان میں زراعت، فوڈ سکیورٹی ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، سیاحت سمیت مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ،ضرورت اس امر کی ہے کہ دنیا کو ان مواقع سے متعارف کروایا جائے۔

انہوں نے کہا افغانستان میں امن کے لئے دوحہ میں مذاکرات جاری ہیں پاکستان افغان امن سمیت خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنی مصالحانہ کاوشیں جاری رکھے گا، خطے میں دیر پا اور مستقبل قیام امن کیلئے عالمی برادری کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا،کشمیر کا مسئلہ ایک خطے کا نہیں بلکہ ایک عالمی مسئلہ جسے اقوام متحدہ کی قرارداد وں کے مطابق حل کرنا ہوگا، پاکستان نے کشمیر کے مسئلہ کو ہر عالمی فورم پر بلند کیا اور مستقبل میں بھی کرتا رہے گا،ضرورت اس امر کی ہے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سلسلہ رکوانے اور مظلوم کشمیریوں کو بھارتی قابض افواج کے استبداد سے نجات دلانے کیلئے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

وزیرخارجہ  نے کہاکورونا کی موجودہ صورتحال پریشان کن ہےاوراس وقت پوری قوم کوروناکے خلاف جنگ لڑ رہی ہے، ویکسی نیشن کا عمل پورے ملک میں کامیابی کے ساتھ جاری ہے،وباء کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لئے پوری قوم کو احتیاطی تدابیر لازماً اختیار کرنا ہوں گی اور طبی ماہرین اور حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا ہوگا،حکومت کی خواہش ہے کہ عوام کو نہ صرف کرونا سے نجات دلائی جائے بلکہ جس حد تک ممکن ہو ملکی معیشت کا پہیہ بھی چلتا رہے،قوم کو ساتھ دینا ہوگا، تب ہی ہم اس چیلنج سے کامیابی سے نمبرآزما ہو سکتے ہیں۔

مزید :

قومی -