شیخوپورہ،عید سے قبل تجاوزات کی بھارمار،بازاروں میں پیدل چلنا دشوار

  شیخوپورہ،عید سے قبل تجاوزات کی بھارمار،بازاروں میں پیدل چلنا دشوار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

     شیخوپورہ(بیورورپورٹ)عید قریب آتے ہی تجاوزات میں اضافہ ہوگیا، شہری حلقوں کا شدید ردعمل، اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور آپریشن کلین اپ کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق جوں جوں عید الفطر قریب آرہی ہے شہری علاقوں میں تجاوزات کی بھرمار  ہے خصوصاً شہر بھر کے بازار اور تجارتی مراکز تجاوزات کی  زد میں ہیں جبکہ مین شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں پر بھی ریڑھی والوں  نے ڈیرے جمالئے ہیں جس سے شہریوں کا پیدل چلنا تک محال ہوچکا ہے،بازاروں میں عید خریداری کیلئے آنے والی خواتین شدید مشکلا ت کا شکار ہیں تو دوسری طرف رش کا فائدہ اٹھا کر جرائم پیشہ عناصر نے بھی اپنی سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔شہری حلقوں کے مطابق میونسپل کارپوریشن کا عملہ تہہ بازاری عیدی وصول کرنے میں مصروف ہے اور تجاوزات قائم کرنے والوں سے روزانہ کی بنیاد پر بھتہ وصول کرکے انہیں تحفظ فراہم کررہا ہے۔شہریوں نے بتایا کہ مین بازار اور اس سے ملحقہ بازاروں سمیت جناح پارک سول کوارٹرز روڈ، میزائل چوک، امام بارگاہ چوک، خادم حسین روڈ لنڈا مارکیٹ، مدینہ مارکیٹ، ریگل چوک، بتی چوک اور دیگر تجارتی مراکز کے مقامی دکاندار وں نے بھی سڑکوں پر تجاوزات قائم کر اتے ہوئے ریڑھی والوں کو الگ سے دکانوں کے باہر کرایہ پر جگہ دے رکھی ہے جس سے بازاروں اور مارکیٹوں میں پاؤں رکھنے کی جگہ نہیں رہی،شہریوں کے مطابق بازاروں میں  رکشوں کی آمدروفت سے صورتحال مزیدسنگین ہو چکی ہے ۔اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ اورعملہ تہہ بازاری کاکہنا ہے کہ تجاوزات کی صورت میں فوری کارروائی کی جاتی ہے بھتہ خوری کے الزامات بے بنیاد ہیں۔
تجاوزات