ممبئی (ویب ڈیسک) اداکار بابل خان نے بتایا ہے کہ ان کے والد عرفان خان ان سے ناراض تھے کیونکہ وہ ان سے اداکاری سیکھنے کو تیار نہیں تھے۔
عرفان خان کو ہندی سنیما کے عظیم ترین اداکاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اپنی بےمثال اداکاری سے انہوں نے ”ہیرو“ کے روایتی تصور کو چیلنج کیا اور دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
تاہم، فلمی کامیابیوں کی جستجو میں ایک وقت ایسا آیا جب وہ ایک نایاب مرض، نیورو اینڈوکرائن کینسر کا شکار ہو گئے۔ برطانیہ میں ایک سال تک علاج کے بعد بھی وہ زندگی کی جنگ نہ جیت سکے اور 29 اپریل 2020 کو دنیا سے رخصت ہو گئے۔
یہ نقصان صرف فلمی دنیا کے لیے نہیں بلکہ ان کے خاندان، خصوصاً ان کے بڑے بیٹے بابل خان کے لیے ایک گہرا صدمہ تھا۔ بابل نے اس موقع پر ”ایک لمحے میں بڑا ہونے“ کا تجربہ کیا۔
ایک وقت تھا جب بابل خان نے انکشاف کیا کہ ان کے والد اُن سے ناراض رہتے تھے اس لیے کہ وہ اُن سے اداکاری سیکھنے کو تیار نہیں تھے۔ عرفان خان کی خواہش تھی کہ اُن کا بیٹا بھی ان کی طرح عظیم اداکار بنے، لیکن بابل نوجوانی کے جذبات میں یہ سمجھتے رہے کہ ”بابا تو ہمیشہ ساتھ رہیں گے“۔
’کمیون اسپوکن فیسٹ‘ کے دوران، بابل نے ایک جذباتی لمحہ یاد کرتے ہوئے کہا، ”بابا مجھ سے کہتے، ’بابیلا، آؤ اس سین کی مشق کرتے ہیں‘، اور میں کندھے اچکا کر کہتا ’کل کر لیں گے بابا، جلدی کیا ہے؟‘ مجھے لگتا تھا کہ بابا ہمیشہ رہیں گے، لیکن زندگی نے فیصلہ کر لیا کہ اُن کے جانے کا وقت آ چکا ہے۔ اور پھر میرے سب سے اچھے دوست، میرے روح کے ساتھی، ہمیشہ کے لیے رخصت ہو گئے۔“
عرفان خان جانتے تھے کہ دنیا کا ہر نوجوان ان سے اداکاری سیکھنا چاہتا ہے، لیکن اُن کا بیٹا بار بار اُن کے قریب آنے سے کتراتا رہا۔
بابل نے اپنی نوجوانی کی ضد کو بعد میں ندامت کے ساتھ یاد کیا۔ بابل کا کہنا تھا، ”میں جانتا ہوں، کچھ لوگ مجھے بیوقوف سمجھیں گے، لیکن اُس وقت میں صرف یہی سمجھتا تھا کہ بابا ہمیشہ رہیں گے۔“
اپنے والد کی پانچویں برسی پر، بابل نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پوسٹ شیئر کی، جس میں ایک پرانی تصویر کے ساتھ یہ الفاظ لکھے،
“تمہارے ساتھ، تمہارے بغیر۔
زندگی چلتی ہے، میرے ساتھ، میرے بغیر۔
جلد ہی میں وہاں ہوں گا۔ تمہارے ساتھ، تمہارے بغیر نہیں۔
اور ہم ایک ساتھ دوڑیں گے، اور اُڑیں گے، آبشاروں سے پئیں گے۔
گلابی نہیں، نیلے رنگ کے۔
میں تمہیں گلے لگاؤں گا، اور روؤں گا،
پھر ہم ہنسیں گے، جیسے ہم پہلے کرتے تھے۔“
عرفان خان کے بیٹے ہونے کے دباؤ کے باوجود بابل نے خود کو ایک باصلاحیت اداکار کے طور پر منوایا۔ انہوں نے 2022 کی فلم ”قلعہ“ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا اور اپنی پہلی فلم میں ہی ناظرین اور ناقدین سے داد وصول کی۔
اب وہ اپنی نئی فلم ”لاگ آؤٹ“ میں اداکارہ رسیکا دوگل کے ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔ یہ فلم ایک سنسنی خیز، پراسرار ڈرامہ ہے اور 18 اپریل 2025 کو زی 5 پر ریلیز کی جائے گی۔