جماعۃالدعوۃ نے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں تباہ گھروں کی لسٹیں مرتب کرنا شروع کر دیں

جماعۃالدعوۃ نے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں تباہ گھروں کی لسٹیں مرتب کرنا شروع کر ...

لاہور( نمائندہ خصوصی )جماعۃالدعوۃ پاکستان کی سروے ٹیموں نے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں تباہ شدہ گھروں کی لسٹیں مرتب کرنا شروع کر دیں۔شدید سردی اور برفباری کے پیش نظر متاثرین کو جلد جستی چادروں کی فراہمی کا بھی آغاز کیاجارہا ہے۔ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی طرف سے سات ہزار سے زائد مریضوں کو اب تک طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ نقد رقوم کی طرح خیمے، ملبوسات، گرم بستر و کمبل و غیرہ بھی تقسیم کئے جارہے ہیں۔پشاور، چترال، چکدرہ، تیمرگرہ، دیر اور مینگورہ وغیرہ کے ہسپتالوں میں بھی زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین کو بھی کھانا اور دیگر اشیاء فراہم کی جارہی ہیں۔جماعۃالدعوۃ پاکستان کے مرکزی رہنما مولانا امیر حمزہ نے زلزلہ متاثرہ علاقوں سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ ملاکنڈ،چترال، سوات، بونیر، چکدرہ، کانجو، اسلام پور، کبل، بری کوٹ اغز ‘ دیر میں ثمر باغ، ریحان کوٹ، دیر پائین، میدان کے علاوہ باجوڑ ایجنسی اسی طرح چترال میں بمبوریت، ریشین، گرم چشمہ، ایون ، کوراغ، شوگران، مستوج اور گلگت میں غزر، فنڈر و شانگلہ کے علاقوں الپوری، للیانی، اکواری ڈیری میں امدادی رضاکاروں اور ڈاکٹرز کی ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔جماعۃالدعوۃ شعبہ ڈاکٹرز کی طرف سے اب تک ہزاروں مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں ۔ ایف آئی ایف ہزاروں افراد میں تاحال پکا پکایا کھانا تقسیم کر رہی ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے۔ متاثرہ خاندانوں تک خشک راشن بھی پہنچایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جماعۃالدعوۃ کے ہزاروں رضاکار امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں اور کئی کئی گھنٹے کا پہاڑی سفر کر متاثرین تک پہنچ کر انہیں خوراک اور طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سخت سردی کی وجہ سے سخت مشکلات درپیش ہیں۔ جماعۃالدعوۃ زلزلہ متاثرین کے معمولات زندگی بحال ہونے تک امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما مولانا امیر حمزہ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے چیئرمین حافظ عبدالرؤف زلزلہ کے بعد سے مسلسل متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1