مساوات اور مفاہمت کیلئے پیپلزپارٹی کادم غنیمت ہے،اشرف بھٹی

مساوات اور مفاہمت کیلئے پیپلزپارٹی کادم غنیمت ہے،اشرف بھٹی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (جنرل رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما محمداشرف بھٹی نے کہا ہے کہ مساوات اورقومی مفاہمت کیلئے پیپلزپارٹی کادم غنیمت ہے۔ناکام لیگ نے ملک وقوم کوتنازعات اورفسادات کے سواکچھ نہیں کیا ۔ناقص اورناکام منصوبوں نے عوام کوبیمار کردیا ،تعلیم اورصحت کیلئے مختص پیسہ اورنج ٹرین کی تعمیر پرصر ف کرنابربریت ہے ،خداراآزادعدلیہ مداخلت کرے ورنہ لوہامزیدمہنگا ہوجائے گااورانسانوں کی کوئی وقعت نہیں رہے گی ۔وہ بلھے شاہ روڈ پر ایک ا جتماع سے خطاب کررہے تھے۔محمد اشرف بھٹی نے مزید کہا کہ ہمارے معاشرے کی طبقاتی تقسیم درحقیقت طبقاتی نظام تعلیم کاشاخسانہ ہے۔پاکستان میں طاقتوراورکمزورکیلئے دوالگ الگ نظام ہیں ا س نے بحیثیت قوم ہمیں ناکام کردیا ۔انہوں نے کہا کہ اس بنیادی فرق کوختم کئے بغیر ہم ایک متحداورمنظم قوم نہیں بن سکتے۔اسلامی اورمشرقی روایات سے تجاوزکئے بغیرتعلیمی نصاب کوجدیدتقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اگرطبقات کے درمیان خلیج کوفوری ختم نہ کیا گیا توڈرہے محروم طبقات اپنے حقوق کیلئے مرنے مارنے پرنہ اترآئیں ۔ معاشی انقلاب کاراستہ تعلیمی انقلاب سے ہوکرجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پسماندگی اور نا خواندگی کا اندھیراصرف علم و ہنر کی روشنی سے دور ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ انگلش پر ضرورت سے زیادہ انحصار کرنے کی بجائے قرآن مجید کو سمجھنے کیلئے عربی اور اُردو کو فروغ دیا جائے۔ مزدوروں ،کسانوں اورعام آدمی کے بچوں کیلئے اعلیٰ تعلیم کے راستے بند کر دیے گئے ہیں،یہ بھی استحصال کے زمرے میں آتا ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ تعلیم منفعت بخش بزنس نہیں بلکہ ایک مقدس مشن ہے مگربدقسمتی سے اب یہ شعبہ بھی مافیا کے شکنجے میں آگیا ہے۔ اگر تعلیمی اخراجات میں نمایاں کمی اورطبقاتی تعلیم ختم نہ کی گئی تو شدت پسندی کو تقویت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم اورصحت کی جدیدسہولیات بنیادی حقوق کے زمرے میں آتی ہیں اوران کی فراہمی ریاست کافرض ہے۔