پر امن بلدیاتی انتخابات پر لاہور پولیس مبارکباد کی مستحق ہے،ڈاکٹر حیدرا شرف
لاہور(کرائم سیل)ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدرا شرف نے کہا ہے ملک میں موجود ہ دہشت گردی کی لہر کے باوجو دلاہور میں پر امن بلدیاتی انتخابات کروانے پر لاہور پولیس کے افسران و اہلکار حقیقتاً مبارک باد کے مستحق ہیں۔جس طرح لاہور پولیس نے بلدیاتی انتخابات کو پر امن کروانے کا چیلنج قبول کیا اور اس الیکشن کو پرامن بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے ان افسران اور اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے دن رات جاگ کر اس شہرکے باسیوں کی حفاظت کی اور پرامن انتخابات کروانے میں کامیاب ہوئے ۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے واٹس ایپ اور سوشل میڈیا کے ذریعے لاہور پولیس کو بلدیاتی انتخابات پر امن کروانے کے لئے سراہا اور نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔بلدیاتی انتخابات کے موقع پر سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر)محمد امین وینس سے لے کر تھانے کے کانسٹیبل تک اس الیکشن کو پرامن بنانے کے لئے پرعزم تھے اور اس جدو جہد میں حصہ لیا۔بلدیاتی انتخابات کو پر عزم بنانے کے لئے سکیورٹی فورسز اور ہر اس ادارے کا شکریہ اد ا کرتے ہیں جنہوں نے لاہور پولیس کا ساتھ دیا۔لاہور پولیس کے اہلکار پولنگ ڈے کے موقع پر صبح سے الرٹ ہو کر اپنی پوزیشنز سنبھالے ہوئے تھے جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ پورے شہر میں 7مسلح افراد کو پولنگ اسٹیشنز کے اندر جانے سے روک دیا گیا اور ان کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ۔تفصیلات کے مطابق تھانہ کاہنہ کے علاقہ UC-254 میں مبین احمد سے پسٹل و گولیاں ،تھانہ قلعہ گجر سنگھ UC-171 میں گلزار حسین سے پسٹل و گولیاں ،تھانہ اسلام پورہ کے علاقہ UC-59میں مبشر خان سے پسٹل وگولیاں ،تھانہ شمالی چھاؤنی کے علاقہ UC-150میں سعید احمدسے پسٹل و گولیاں،جوہر ٹاؤن کے علاقہ میں زبیرسے 12بور بندوق ،پسٹل و گولیاں ،تھانہ غازی آبادکے علاقہ UC-148سے عبدالرشیدسے پسٹل و گولیاں برآمد کر کے مقدمات درج کرلئے ۔ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے مزید کہا کہ الیکشن ڈے کے موقع پر میڈیا کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے سارا دن رہنمائی کی اور پولیس اور عوام درمیان رابطے کا ذریعہ بنے ۔