نواز شہباز خصوصی ملاقات میں شیر علی ،ثناء اللہ اختلافات زیر بحث رہے

نواز شہباز خصوصی ملاقات میں شیر علی ،ثناء اللہ اختلافات زیر بحث رہے

لاہور(جاوید اقبال)وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے لاہور سمیت پنجاب کے 12اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلہ کی پولنگ جاتی امراء جبکہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے پولنگ کا مرحلہ رائے ونڈ میں اپنی رہائش گاہ میں بیٹھ کر مانیٹر کیا دونوں رہنماؤں کو پنجاب کے 12اضلاع میں ہونے والی پولنگ کی صورتحال اور نتائج کے بارے میں لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا گیا دریں اثناء وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے وزیر اعظم سے جاتی امراء میں خصوصی ملاقات کی اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم کو فیصل آباد کے دو رہنماؤں چودھری شیر علی اور صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے درمیان اختلافات دور کرانے کے لیے دونوں رہنماؤں سے کی جانے والی ملاقاتوں اور ان میں صلح کرانے کے لیے اپنی جانب سے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا ۔وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم کو بتایا کہ انہوں نے چودھری شیر علی اور رانا ثناء اللہ سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں اور ان کے مسائل سنے ہیں مگر چودھری شیر علی رانا ثناء اللہ سے اختلافات ختم کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں مگر رانا ثناء اللہ پارٹی کی ہر بات ماننے کے لیے تیار ہیں لہذاء وہ اس کے لیے اپنا کردار ادا کریں فیصل آباد میں ان دونوں رہنماؤں کے اختلافات کے باعث پارٹی میں گروپ بندی بڑھ رہی ہے جس کے پارٹی پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے بلدیاتی انتکابات کے حوالے سے تیاریوں ،انتظامات ،پارٹی کی تنظیم سازی کے حوالے سے بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا جبکہ لاہور میں پارٹی کے بعض ارکان اسمبلی میں اختلافات کے بارے میں بھی بات چیت کی ۔ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم نے وزیر اعلی کو کہا ہے کہ پارٹی میں گروپ بندی اور رہنماؤں میں اختلافات کو دور کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے اور جو لوگ اپنے ذاتی مفادات پر پارٹی مفادات کو ترجیح دیتے ہیں ان کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے۔

مزید : صفحہ اول