پختون دھرتی کی تعمیر و ترقی ،تحفظ اور خوشحالی نصب العین ہے ،سکندر شیر پاؤ

پختون دھرتی کی تعمیر و ترقی ،تحفظ اور خوشحالی نصب العین ہے ،سکندر شیر پاؤ

پشاور( پاکستان نیوز) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر و قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیر پاؤنے کہا ہے کہ پختون دھرتی کی تعمیرو ترقی ، پختونوں کا تحفظ اور خوشحالی ہمارا نصب العین ہے اور اس ضمن میں بھر پور جدوجہد کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چارسدہ حلقہ پی کے۔20 میں جاوید حسین خان کے حجرہ میں اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ پختون خطہ مشکل حالات سے گزر رہا ہے اوریہاں کے عوام کو بے پناہ تکالیف اورمشکلات کا سامنا ہے تاہم قومی وطن پارٹی کی بھر پور کوشش ہوگی کہ اس خطہ کو امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکے اور اس ضمن میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے حالیہ شدید زلزلے میں بڑے پیمانے پر ہونے والے جانی اور مالی نقصانات کے حوالے سے بات کر تے ہوئے کہا کہ متاثرین کی فوری بحالی کیلئے ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں لہٰذا اس سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں کوسیاست سے بالاتر ہوکراپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔سینئر وزیر نے کہا کہ قومی وطن پارٹی مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انھوں نے کہا کہ حالیہ زلزلہ سے صوبہ بھر میں بڑے پیمانے پرجانی و مالی نقصانات ہوئے جس کا ازالہ انتہائی ضروری ہے اور اس مشکل گھڑی میں متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے اور جہاں تک ممکن ہوسکے ان کی ہر طرح کی امداد کی جائے گی۔اس موقع پر خالد خان ایم پی اے،جاوید حسین خان ،پیر رحمان اللہ،نثار خان اورتحصیل ناظم تنگی یحییٰ جان مہمند بھی موجود تھے۔

مزید : پشاورصفحہ اول