کراچی کو استحصال سے پاک شہر بنائیں گے ، محمد حسین محنتی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ کراچی میں امن ،ترقی اور خوشحالی واپس لائیں گے، عوام کے پاس بلدیاتی انتخابات ایک سنہری مو قع ہے وہ اپنے شہری کی خوشیاں واپس لے آئیں ۔ووٹ کی طاقت سے عوام اپنی تقدیر اور مستقبل کو روشن بنا سکتے ہیں، لیاری کو نیویارک بنانے کے دعوے کرنے والوں نے مھض اپنے گھروں کو نیویارک بنایا ہے ۔وہ لیاری یوسی 6موسیٰ لین اوریوسی ایک آگرہ تاج میں الیکشن دفاتر کے افتتاح کے موقع پر کارنر میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے یوسی 6موسیٰ لین کے نازمد چیئرمین فضل الرحمن ، وائس چیئرمین فرحان ہنگورو ، جماعت اسلامی لیاری یوسی ون کے نامز چیئرمین سید طاہر اکبر اور وائس چیئرمین حسینی ہنگورو بھی موجود تھے ۔محمد حسین محنتی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے لیے تمام نشستوں سے اپنے امیدوار کھڑے کر رہی ہے اور جماعت اسلامی انتخابات میں کامیابی حاصل کرک کے استحصال سے پاک شہر بنا ئے گی، شہر کی کھوئی ہوئی شناخت بحال کرے گی اسے پھر سے روشنیوں کا شہر بنائے گی ،لیاری کو نیویارک بنانے کے دعویداروں نے ملک لوٹا اور اپنے گھروں کو نیویارک بنایا ، جماعت اسلامی لیاری کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے ، کھیلوں کے میدان آباد کریں گے ،لیاری کے نوجوانوں کوروزگار فراہم کریں گے ۔محمد حسین محنتی نے کہا کہ امن اور تر قی کے لیے جو بھی قدم اْٹھے گا کراچی کے عوام اس کی حمایت کریں گے۔ کراچی کا بچہ بچہ جانتا ہے کہ جماعت اسلامی کا دور ہی سنہری اور امن و ترقی اور خوشحالی کا دور ثابت ہو ا ہے، لیاری کے عبد الستار افغانی اور نعمت اللہ خان نے اس شہر کی روشنیوں بحال کیں یہاں سڑکوں کے جال بچھائے ، تعلیمی ادارے قائم کیے اور کھیل کے میدان آباد کیے ،آج کراچی میں جو صورتحال ہے وہ سب کے سامنے ہے۔غریبوں کے علاقوں میں سہولیات ناکافی ہیں۔سر کاری اسکولوں اور ہسپتالوں میں بہت برا حال ہے۔جماعت اسلامی شہر کو استحصال سے پاک شہر بنائے گی۔