الیکشن ٹائی ہونے پر ٹاس کے ذریعے فیصلہ، آفتاب گجر چیئرمین منتخب
وہاڑی (مانیٹرنگ ڈیسک)کرکٹ میچ یا کوئی بھی کھیل تو ٹائی ہوتا ہی رہتا ہے لیکن الیکشن کا ٹائی ہوجانا بہت حیران کن بات ہے ۔ ایسا ہی کچھ ہوا وہاڑی کی یونین کونسل نمبر 13 میں جہاں 2 آزاد امیدواروں کے ایک جتنے ووٹ نکلنے پر الیکشن ٹائی ہوگیا جس کے بعد چیئرمین کا فیصلہ ٹاس کے ذریعے کیا گیا اور آفتاب گجر چیئرمین منتخب ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق وہاڑی کی یونین کونسل نمبر 13 سے آزاد امیدوار آفتاب گجر اور فقیر حسین گجر چیئرمین کے امیدوار تھے ووٹوں کی گنتی کرنے پر دونوں امیدواروں کے برابر کے 3670 ووٹ نکلے جس پر دوبارہ گنتی کی گئی لیکن نتیجہ ایک جیسا ہی رہا حتیٰ کہ تیسری دفعہ کی گنتی پر بھی الیکشن بے نتیجہ رہا اور میچ کا نتیجہ ٹائی آیا جس پر طویل مشاورت کے بعد دونوں امیدواروں کی باہمی رضامندی سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے دفتر میں ٹاس کے ذریعے فیصلہ کیا گیا ۔ ٹاس کے نتیجے میں آفتاب گجر کامیاب ہوکر چیئرمین منتخب ہوگئے ۔